اللہ کی ناراضگی اور عذاب سے بچنے کیلئے سود سے جان چھڑا کر قرآن و حدیث کے مطابق زندگی گزارنا ہوگی،عبداللہ جان خان اُتمانزئی

منگل 23 مئی 2017 19:41

چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2017ء) سیاسی سماجی اور مذہبی شخصیت سابق ایم ڈی واپڈا عبداللہ جان خان اُتمانزئی نے کہا ہے کہ اللہ کی ناراضگی اور عذاب سے بچنے کیلئے سود سے جان چھڑا کر قرآن و حدیث کے مطابق زندگی گزارنا ہوگی۔ اُنہوں نے سعودی، امریکہ اربوں ڈالرز کے اسلحہ سعودی آئل کمپنی کو دو عشروں کیلئے امریکہ کے حوالہ کرنے سمیت دیگر معاشی اور عسکری معاہدوں پر تحفظات اور خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہود و نصاریٰ مسلمانوں کے دوست نہیں ہوسکتے اور کہا کہ امریکی صدر ڈنلڈ ٹرمپ جب برسرِ اقتدار آئے تو امریکہ میں ڈالروں کی کمی کی وجہ سے معاشی بحران کا شکار ہونے کے ساتھ ساتھ بے روزگاری جیسے مسائل سے دوچار تھا مگر ان معاہدوں سے امریکہ خاطر خواہ فائدہ اُٹھائے گا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ مسلمان دہشتگرد نہیں بلکہ داعش سمیت دیگر دہشتگرد تنظیمیں امریکہ کی پیداوار ہے اُنہوں نے کہا کہ امریکہ اور سعودی رہنماؤں کے مشترکہ بیان میں ایران کو الگ کرنے یا معافی مانگ کر اتحاد میں شامل کرنے کی شرط پر افسوس کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے امریکہ خفیہ ایجنسی کے سابق اہلکار ایڈورڈ سنوڈن کے اُسامہ کے زندہ ہونے کے بیان کے سلسلے میں کہا کہ اُسامہ امریکہ کا آدمی تھا اور امریکہ ایسے افراد کو اپنے مقاصد اور مفادات کیلئے استعمال کرکے مرواتا ہے لیکن قابل افسوس بات یہ ہے کہ ایبٹ آباد سے اُسامہ کی گرفتاری ظاہر کرکے پاک فوج اور پاکستان کو بدنام کیا گیا۔

اُنہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ورلڈ بینک ، آئی ایف ایم اور دیگر مالیاتی اداروں سے سود پر قرض لے رہے ہیں جو کہ مہنگائی کا باعث بن رہے ہیں۔ اُنہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے اعلیٰ سعودی اعزاز دینے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر مسلموں کو خوش کرنے کے بجائے اللہ کی خوشنودی اور اللہ کو راضی کریں تاکہ مسلمانوں پر اللہ اپنی رحمت نازل فرمائے۔ اُنہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی اہلیہ اور بیٹی کا بغیر دوپٹہ ننگے سر مقدس سرزمین اور مقامات پر قدم رنجا ہونا مسلمانوں کیلئے باعث تشویش ہے اور کہا کہ سعودی حکمرانوں کو کم از کم اُن کے سروں پر دوپٹہ یا سکارف پہننے کہ تاکید کرنی چاہیئے تھی۔