فیصل بینک نے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور بورڈ اراکین کا اعلان کردیا

منگل 23 مئی 2017 18:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) فیصل بینک لمیٹیڈکے چیئرمین اور بورڈ اراکین یوسف حسین کی بینک کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر کی حیثیت سے فوری طور پر تقرری کا اعلان کرتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس کرتے ہیں۔آج جاری کیے گئے ایک بیان میں FBL کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین فاروق رحمت اللّٰہ نے کہا کہ بورڈ نے تین آزاد ڈائریکٹرز فواد عظیم ہاشمی، میاں محمد یونس اور علی منیر کو بھی بورڈ میں شامل کیا ہے۔

نئے تشکیل شدہ بورڈ کا ایک تہائی حصہ آزاد ڈائریکٹرز پر مشتمل ہے جو مقامی اور انٹرنیشنل مینجمنٹ و فنانشل مہارت کا بہترین امتزاج ہے۔ ہم پراعتماد ہیں کہ فیصل بینک نئے تجربہ اراکین پر مشتمل بورڈ کی رہنمائی میں اول العزم سفر کے نئے حصے میں داخل ہو گا۔

(جاری ہے)

فاروق رحمت اللہ نے بینک کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر کی حیثیت سے عہدہ سنبھالنے والے یوسف حسین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ یوسف حسین کو چیف ایگزیکٹو آفیسر تعینات کرنے پر بہت خوشی محسوس کرتا ہے اور بورڈ کے نئے اسٹریٹیجک نظریے کے تحت آرگنائزیشن کو چلانے اور ترقی کے مقاصد کو پورا کرنے کیلئے ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔

یوسف حسین ایک تجربہ کار پیشہ ور بینکر ہیں جنہیں اے بی این ایمرو سمیت صف اول کے مقامی اور عالمی اداروں میں کام کرنے کا 22 سالہ وسیع تجربہ ہے اور وہ گزشتہ آٹھ سال سے فیصل بینک لمیٹیڈ کا حصہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ FBL کی مینجمنٹ کی کوششوں کے ساتھ ساتھ تجربہ کار بورڈ آف ڈائریکٹرز کی اسٹریٹیجک رہنمائی سے خصوصاً گزشتہ تین سالوں کے دوران بینک کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

FBL کے منافع میں تین گنا اضافہ ہوا ہے جہاں مالی سال 2013 میں ٹیکس سے قبل منافع 2.16 ارب روپے تھا جو مالی سال 2016 میں 6.66 ارب روپے تک پہنچ گیا اور اس کے ساتھ ساتھ بیلنس شیٹ اور loan book میں بھی بھرپور ترقی دیکھی گئی۔ مارکیٹ کی قیمتوں اور price to Book سے عیاں ہونے والے حصص کی کارکردگی میں بھی اس دورانیے میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا جس سے شیئرہولڈرز کو بھی نمایاں اضافی فوائد حاصل ہوئے۔

فاروق رحمت اللہ نے بینک کو ایک اسلامی بینکاری انسٹیٹیوشن میں بدلنے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ بینک نے اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے بہترین ڈیزائن کردہ اور محتاط کاروباری منتقلی کے منصوبے پر پہلے سے عمل شروع کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ FBL کے اکثریتی شیئرز کے مالک اتمار گروپ بحرین اور بورڈ آف ڈائریکٹرز پاکستان کو ایک اہم مارکیٹ تصور کرتے ہیں۔ فیصل بینک لمیٹیڈ معیاری بینکنگ سروسز اور انفرا اسٹرکچر کی ترقی سمیت اہم کاروباری شعبوں پر توجہ بڑھاتے ہوئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا۔فیصل بینک کے بورڈ اور مینجمنٹ نے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر اور صدر نعمان انصاری کی شاندار خدمات کو سراہتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔