عوامی خدمات کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی،غفلت اور لاپرواہی قطعی برداشت نہیں کی جائے گی ،سید نیئر رضا

منگل 23 مئی 2017 18:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے ادارے کے نظام کو بہتر اور عوامی خدمات کے فریضے کو تیز سے تیز تر کرنے کے لئے عملی اقدامات کا آغاز کردیا گزشتہ روز صبح ساڑھے نو بجے چیئر مین سید نیئر رضا نے شاہ فیصل زون کے مختلف محکموں کا اچانک دورہ کرکے افسران وملازمین کی حاضریاں چیک کی مختلف محکموں کے افسران وملازمین کی غیر حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ غیر حاضر اور دفتری اوقات کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف تنخواہیں کاٹنے اور محکمانہ کارائی عمل میں لانے کا اعلان کرتے ہوئے بلدیہ کورنگی کے شاہ فیصل ،ملیر ماڈل کالونی ،کورنگی اور لانڈھی زونز کے تمام محکمہ جاتی سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ خود اور اپنے ماتحت عملے کودفتری اوقات کا پابند بنا ئیں اور غیر حاضر ملازمین کے خلاف کاروائی کی جائے ۔

(جاری ہے)

شاہ فیصل زون کے مختلف دفاتر کا دورہ کرکے حاضری رجسٹر اور بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے حاضری کے نظام کا معائنہ کرتے ہوئے دفاتر میں موجود افسران وملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوامی خدمات کے حوالے سے اقدامات تیز کیئے جائیں عوامی مسائل کے حل اور عوام کو درپیش علاقائی مسائل کے حوالے سے شکایات کا ازالہ بروقت یقینی بنا یا جائے انہوں نے کہاکہ محکمانہ کارکردگی اور عوامی خدمات کے حوالے سے غفلت اور لاپرواہی کو قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا چیئر مین سید نیئر رضا نے بلدیہ کورنگی کے تمام محکماجاتی افسران و عملے کو ہدایت کی ہے کہ نیک نیتی اور ایمانداری کے ساتھ عوامی خدمات کا فریضہ انجام دیکر ادارے کی نیک نامی میں اضافے کا باعث بنیں ۔