سجاول ضلع بھر میں سکولز میں اساتذہ کی حاضری کو چیک کرنے کیلئے مقرر مانیٹرز نے بائیومیٹرک تصدیق کا کام شروع کردیا

منگل 23 مئی 2017 18:33

سجاول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) سجاول ضلع بھر میں اسکولز میں اساتذہ کی حاضری کو چیک کرنے کے لئے مقرر مانیٹرز نے بائیومیٹرک تصدیق کا کام شروع کردیاہے ،اس ضمن میں مختلف اسکولز پر جاکرحاضری کو چیک کیاجارہاہے ، تاہم اساتذہ کا کہناہے کہ پانچ سال پرانی ڈیٹاپر بائیومیٹرک کی تصدیق کی جارہی ہے اس دوران کئی اساتذہ فوت ہوچکے ہیں ،یاکئی ریٹائربھی ہوچکے ہیں جبکہ دیگرکئی اساتذہ کا تبادلہ دوسری جگہ ہوگیاہے ،علاوہ ازیں بائیومیٹرک ڈیٹامیں بیس پچیس سال تک نوکری کرنے والے سینئراساتذہ کے نام تک تبدیل کردئے گئے ہیں، اساتذہ کا کہناہے تبادلے کی جگہ بائیومیٹرک تصدیق نہ ہونے پر انہیں واپس پرانے اسکول جانے کاکہاجارہاہے ،جس سے وہ مزید پریشان ہوگئے ہیں ،انہوں نے مطالبہ کیاکہ بائیومیٹرک کا ڈیٹاتازہ ترین شامل کیاجائے ، علاوہ ازیں اسکولز میں سہولیات کی کمی پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ،کئی اسکول بغیرعمارات کے چل رہے ہیں یاان میں فرنیچر، پانی ،چاردیواری ،واش روم سمیت دیگر سہولیات ندارد ہیں ان کو حل کئے بغیرکسی طورپر تعلیمی صورتحال کو بہتربناناناممکن ہے ،اس امر پر فوری توجہ دی جائے ۔