اسلام تمام انسانیت کو امن ، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔،حاجی حبیب الرحمان وزیر زکوة خیبرپختونخوا

منگل 23 مئی 2017 18:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے زکوٰة، اوقاف و مذہبی امور حاجی حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ اسلام ایک آفاقی دین ہے جو نہ صرف مسلمانوں بلکہ تمام انسانیت کو امن ، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور حضورؐ کی سیرت مبارکہ اور اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر ہی انسا نیت اپنی دنیاوی اور آخرت کی زندگی سنوار سکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز اوقاف آڈیٹوریم پشاور میں سالانہ صوبائی سیرت النبیﷺ کانفرنس کی پُروقار اور روح پرور تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا جس کا اہتمام صوبائی محکمہ اوقاف نے کیا تھا۔تقریب میں صوبے کے جید علمائے کرام اور عاشقان رسولﷺکی ایک کثیر تعدا نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

حاجی حبیب الرحمان نے کہا کہ دین اسلام میں مسلمانوں اور غیر مسلموں کے حقوق برابر ہیں اور بحیثیت مسلمان ہمیں حضورﷺ کی تعلیمات اور دین اسلام کی ہدایت پر من و عن عمل کرتے ہوئے اقوام عالم پر ثابت کرنا ہوگاکہ اسلام محبت ،امن اور رواداری کا دین ہے۔

تقریب سے صوبہ خیبر پختونخوا کے چیف خطیب مولانا محمداسمعیل نے کہا کہ غیر مسلموں کے حقوق کا تحفظ کرنا مسلمان ہونے کی حیثیت سے ہمارا مذہبی فریضہ ہے ۔ انہوں نے مختلف مسالک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چاہے ہمارا تعلق کسی بھی مسلک سے ہو مگر حضورﷺ سے محبت اور عشق کے بارے میں ہمار موقف ایک ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر زکوٰة ڈاکٹر نور الحق قادری نے کہا کہ حضورﷺ سارے عالم کے لئے رحمت کی علامت ہیں انکی ذات گرامی عربی کے لئے بھی ہے عجمی کیلئے بھی ۔

انہوں نے کہا کہ دین اسلام کا مطلب اللہ تعالیٰ کے احکامات پر عمل کرنا اور انسانوں سے شفقت کرناہے چاہئے اسکا تعلق کسی بھی مذہب یا فرقے سے ہو۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ رمضان توقیر نے کہا کہ مغربی قوتیں سازشوں کے تحت فرقہ واریت کو فروغ دے کر مسلمانوں کو تقسیم کر رہی ہیں اور ہمیںاستعماری قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے حضورﷺ کی سیرت مبارکہ پر عمل کرنا ہوگاکیونکہ انکی ذات گرامی تمام مسالک کی محبت کا مرکز ہے۔کانفرنس سے مولانا عبدالاکبر چترالی اور ڈاکٹر عبد الغفور نے بھی خطاب کیا اور اتحاد بین المسلمین کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :