عظیم قوم بننے کیلئے تعلیم کا حصول لازمی جز ہے، طلبہ ہمیشہ اپنی سوچ کو بلندتر رکھیں ، عاطف خان وزیر تعلیم خیبرپختونخوا

منگل 23 مئی 2017 18:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم اور توانائی محمد عاطف خان نے طلبہ پر زور دیا ہے کہ وہ ہمیشہ اپنی سوچ کو بلند تررکھیں اور اسی کے مطابق بڑی محنت بھی کریں کیونکہ یہی کامیابی کا رازہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عظیم قوم بننے کیلئے تعلیم کا حصول لازمی جز ہے یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی توجہ اس اہم شعبے پر مرکوز ہے اور گزشتہ 4 سال کے دوران تعلیمی بجٹ میں 100 فیصد اضافہ کیا ہے ۔

وہ منگل کے روز پشاور پبلک سکول اینڈ کالج کے یوم والدین کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔تقریب میں دوسروں کے علاوہ رکن صوبائی اسمبلی فضل الہٰی خان ، سپیشل سیکرٹری قیصر عالم ، اساتذہ کرام اور والدین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔

(جاری ہے)

سکول کے پرنسپل کرنل ریٹائرڈ محمد طیب نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے سکول کی کارکردگی اور کامیابیوں کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت کی بھر پور تعاون کو بھی اُجاگر کیا اوراس سلسلے میں وزیر تعلیم کے کردار کو سراہا۔

مہمان خصوصی نے پوزیشن ہولڈر طلبہ میں انعامات تقسیم کئے اور سکول کے اسا تذہ کی تربیت، آئی ٹی لیب کی اپ گریڈیشن، تزین و آرائش اور بلینڈڈ لرننگ سسٹم کے لئے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا ۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ پشاور پبلک سکول کا شمار صوبے کے بہترین تعلیمی درسگاہوں میں ہوتا ہے لیکن بدقسمتی سے دوسرے شعبوں کی طرح سیاسی مداخلت کیوجہ سے اسکے حالات بھی بہت خراب تھے جس کیلئے صوبائی حکومت نے خصوصی اقدامات کئے اور آج اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے سکول میں کافی بہتری آئی ہے اور مزید بہتری لانے کی بھی کوشش کریں گے۔

عاطف خان نے کہا کہ تعلیم کی اہمیت مسلمہ ہے اور کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر آگے بڑھنے کا تصور بھی نہیں کر سکتی اسلئے موجودہ حکومت کی توجہ سڑکوں اور بڑی بڑی عمارات کی بجائے تعلیم پر مرکوزہے اور اگلے سال اس کا بجٹ 138 ارب روپے کیا جا رہا ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک سرکاری سکولوں میں ناپید سہولیات پر 21 ارب روپے خرچ کئے جا چکے ہیں اور چالیس ہزار اساتذہ کی خالصتاً میرٹ پر بھرتی کی جا چکی ہے اور اگلے مالی سال مزید 15 ہزار اساتذہ بھرتی کرنے کا پروگرام ہے۔

صوبائی وزیر نے گرلز کیڈٹ کالج مردان کے قیام کو پی ٹی آئی کی حکومت کا بڑا کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ اس کالج میں ملک کے چاروں صوبوں کی طالبات نے داخلہ لیا ہے اور وہ بھی مستقبل میں لڑکوں کے شانہ بشانہ مسلح فوج سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔

متعلقہ عنوان :