حریت رہنما ڈاکٹر عبدالاعلی کی وفات پر کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کا تعزیتی اجلاس

شہید رہنمائوں اور شہدائے حول کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پریس کلب اسلام آباد میں تقریب

منگل 23 مئی 2017 18:24

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیرشاخ کا ایک تعزیتی اجلاس کنوینر غلام محمد صفی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا جس میں تحریک آزادی کے سینئر رہنماڈاکٹر عبدالاعلیٰ کی وفات پرگہرے رنج وغم کا اظہار کیا گیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اجلاس میں حریت رہنمائوں نے مرحوم رہنما کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے مسئلہ کشمیر کواجاگر کرنے کے لیے ہر محاذ پر اپنا کردار ادا کیا۔

حریت رہنمائوں نے تحریک آزادی کے لیے مرحوم کی خدمات اور ان کے جذبہ حریت کو کشمیری قیاد ت کے لیے مشعل راہ قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے ایک عظیم وکیل اور محسن سے محروم ہوگئے ہیں ۔ حریت رہنمائوں نے کہاکہ تحریک آزادی کے لیے مرحوم کے کردار اور خدمات کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرجمیل کی دعا کی گئی۔

دریں اثناء میرواعظ عمر فاروق کی زیر قیادت حریت فورم کی آزاد کشمیر شاخ نے اسلام آباد پریس کلب میں ایک تعزیتی مجلس منعقد کی جس میں معروف آزادی پسند رہنمائوں مولوی محمد فاروق،خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب کی صدارت فورم کے کنوینر سید فیض نقشبندی نے کی اور سنیٹر راجہ ظفر الحق تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

اس موقع پر سید فیض نقشبندی نے شہید رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارتی سازش کی شدیدمذمت کی۔ سنیٹر راجہ ظفر الحق نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میںبھارتی مظالم بند کرانے اور کشمیریوں کو ان کا حق ، حق خودارادیت دلوانے کے لیے اپنا کردار اداکرے۔

اس موقع پر حریت رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر میںبھارتی ظلم و بربریت اور آئے روز کی شہادتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں حقائق معلوم کرانے کے لیے اپنی ایک ٹیم وہاں بھیجے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کی نسل کشی بند کرانے اور نظربندآزادی پسند رہنمائوں اور کارکنوںکی رہائی کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔

حریت رہنمائوں نے کشمیری طلباء پر بھارتی فورسز کے ظلم و تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں قیام امن ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم ظاہر کیا ۔ تقریب میںمحمود احمد ساغر، میر طاہر مسعود، منظو رالحق بٹ، سید اعجاز رحمانی، سید مظفر حسین شاہ، شمیم شال، دائود خان یوسفزئی، محمد شفیع ڈار، میاں مظفر، راشد وانی اور دیگرحریت رہنمائوں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :