نوجوان کو انسانی ڈھال کے طورپر استعمال کرنے والے فوجی افسر کو نوازنامجرموں کی پشت پناہی کا مظہر ہے، میرواعظ عمر فاروق

منگل 23 مئی 2017 18:24

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ بڈگام میں ایک کشمیری نوجوان کو فوجی جیپ کے ساتھ باندھ کر انسانی ڈھال کے طور پراستعمال کرنے والے فوجی آفیسر کو اعزاز سے نوازنا بھارتی سیاسی قیادت کی اس روایتی پالیسی کا اظہار ہے جس کے تحت کشمیر میںسنگین جرائم میں ملوث مجرموں کی پشت پناہی کی جارہی ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق میرواعظ عمرفاروق نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیر میں سنگین جرائم اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں میں ملوث بھارتی فوجیوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے بجائے ہمیشہ اعزازات سے نوازا گیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کشمیر میں بے شمار خونریز واقعات دہرائے گئے لیکن آج تک کسی مجرم کو نہ سزا دی گئی اور نہ عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کیا گیا بلکہ ان مجرموں کو اعزازات سے نواز کر سنگین جرائم انجام دینے پر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔

(جاری ہے)

میرواعظ نے کہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ ریاستی دہشت گردی کے یہ سنگین واقعات عالمی برادری کیلئے چشم کشا ء ہیں۔دریں اثناء حریت فورم کے ترجمان نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امیت شاہ کے حالیہ بیان کوکہ کشمیر میں عوامی مزاحمت صرف تین اضلاع تک محدود ہے،حقائق سے بعید اور کشمیریوں کی عوامی تحریک کو فرقہ واریت کے رنگ میں رنگنے کی ناکام کوشش قرار دیا۔

انہوں نے کہاکہ جموںوکشمیر ایک متنازعہ خطہ ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادیں اس کی متنازعہ حیثیت کی گواہ ہیں ۔ترجمان نے کہا کہ اگر امیت شاہ کواپنے بیان پر اتنا ہی اعتماد ہے تو جموںوکشمیرمیں آزادانہ استصواب رائے ،حقائق کو جانچنے کا واحد ذریعہ ہے ۔انہوںنے کہا کہ جموںوکشمیر ایک سنگین نوعیت کا انسانی اور سیاسی مسئلہ ہے اور اس حقیقت کوفرقہ پرستانہ بیانات سے جھٹلایا نہیں جاسکتا۔

ترجمان نے پلوامہ میں طلباء پر پولیس کے مظالم اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ طالب علموں کیخلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال افسوسناک ہے اور اس قسم کی کارروائیوں سے کٹھ پتلی انتظامیہ جان بوجھ کر حالات کو کشیدہ اور ابتر بنا رہی ہے۔ترجمان نے تحریک آزادی کے سینئر رہنما ڈاکٹر عبد الاعلیٰ کی مظفرآباد میں وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے میر واعظ عمر فاروق سمیت تمام قیادت کی طر ف سے اظہار تعزیت کیا۔