میڈیا بد عنوانی اور رشوت ستانی کے خلاف اپنا کردار ادا کرے، ذرائع ابلاغ کو قومی مفادات کے استحکام اور سماجی و مذہبی اقدار کے تحفظ کیلئے مؤثر قوت استعمال کر کے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، قوانین کی خلاف ورزی اور ملکی تشخص کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی چیز پر سمجھوتا نہیں کیاجائیگا

چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری کی پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

منگل 23 مئی 2017 18:17

میڈیا بد عنوانی اور رشوت ستانی کے خلاف اپنا کردار ادا کرے، ذرائع ابلاغ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2017ء) قومی احتساب بیورو نیب کے چیئر مین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ میڈیا بد عنوانی اور رشوت ستانی کے خلاف اپنا کردار ادا کرے، میڈیا کو قومی مفادات کے استحکام اور سماجی و مذہبی اقدار کے تحفظ کے لئے اپنی مؤثر قوت کو استعمال کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، قوانین کی خلاف ورزی اور ملکی تشخص کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی چیز پر سمجھوتا نہیں کیاجائے گا۔

وہ منگل کو نیب ہیڈکوارٹر میں پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عامر محمودکی سربراہی میں سلطان لاکھانی ، میر ابراہیم رحمان اور شکیل مسعود حسین پر مشتمل اعلیٰ عہدیداروں وفد سے گفتگو کررہے تھے ۔ ملاقات کے دوران قومی اور سلامتی کے مفادات کے تحفظ کے حوالے سے میڈیا کے کردار ، قومی اہمیت کے امور اور ایگزیکٹ کیس پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے میڈیا ہائوسز کے سربراہوں سے کہا کہ وہ قومی مفادات کو مستحکم کرنے کے لئے سماجی اور مذہبی مفادات کے تحفظ کے لئے میڈیا کی بھرپور طاقت استعمال کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور اپنے آپ کو بد عنوانی اور رشوت ستانی کے خلاف دفاعی دیوار کے طور پر کام کرے۔ وفد نے ایگزیکٹ سکینڈل پر اپنی تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ کچھ میڈیا چینلوں کو بیرون ملک سے مشکوک، ٹیکس کے بغیر اور غیر مصدقہ فنڈز فراہم کئے جارہے ہیں۔

چیئرمین نیب نے کہاکہ ملکی قوانین کی خلاف ورزی اور ملکی تشخص کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی چیز پر سمجھوتا نہیں کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شفاف اور کھلے انداز میں آزاد میڈیا کی ترقی وخوشحالی یقینی بنانے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔

متعلقہ عنوان :