لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی پوسٹ کو تباہ کرنے کا بھارتی دعوی غلط ہے-آئی ایس پی آر-بھارتی فورسز نے راجوڑی سیکٹر میں ناوشیراپر پاکستانی پوسٹ تباہ کردی ہے۔بھارت کا دعوی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 23 مئی 2017 17:58

لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی پوسٹ کو تباہ کرنے کا بھارتی دعوی غلط ہے-آئی ..
روالپنڈی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23مئی۔2017ء) بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی پوسٹ کو تباہ کرنے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان آرمی نے کہا ہے کہ بھارتی دعوے غلط ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر پاکستانی پوسٹ کو تباہ کرنے کے دعوے غلط ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی فورسز کا دوسرا دعویٰ کہ پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر شہری علاقوں پر فائرنگ کی ہے بھی غلط ہیں۔واضح رہے کہ بھارتی ذرائع ابلاغ نے بھارتی فوج کے حوالے سے دعوی کیا تھا کہ کشمیر کے علاقے میں لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی جانب سے فائرنگ کا جواب دیتے ہوئے بھارتی فورسز نے راجوڑی کے مقام پر پاکستانی پوسٹ تباہ کردی ہے۔

(جاری ہے)

بھارت کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا تھا کہ یہ پوسٹ راجوڑی میں ناوشیرا کے مقام پر قائم تھی۔ بھارتی فوج کے دعوے کی تصدیق کرتے ہوئے نئی دہلی میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران میجر جنرل اشوک نارولا کا کہنا تھا کہ گرم موسم کے باعث وادی میں برف پگل رہی ہے جس نے پاکستانی علاقوں سے سرحد پار مداخلت کا امکان بڑھا دیا ہے جبکہ بھارتی فورسز ان حملوں کا جواب دینے کیلئے تیار ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایل او سی پر فوری غلبے کے حصول اور مداخلت کو روکنے کیلئے انسداد دہشت گردی آپریشن کے منصوبے کا حصہ ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ نے اپنی رپورٹس میں دعوی کیا کہ گذشتہ ہفتے بھارتی فورسز نے حریت پسندوںکے ایک گروپ کو اس وقت روکا تھا جب وہ سرحد پار کرنے کی کوشش کررہے تھے، 24 گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپ کے دوران 7 افراد ہلاک ہوئے جن میں 3 اہلکار بھی شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :