Live Updates

عدالت عمران خان سے منی ٹریل اور فارن فنڈنگ کا جواب مانگتی ہے تو کہتے ہیں ہمارا مقدمہ الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے

جب الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کا جواب طلب کرتی ہے تو کہتے ہیں کہ ہمارا مقدمہ تو عدالت میں زیر سماعت ہے رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری کی میڈیا سے گفتگو

منگل 23 مئی 2017 18:12

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) مسلم لیگ(ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عدالت تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی منتظر رہی مگر وہ پیش نہیں ہوئے،جب عدالت عمران خان سے منی ٹریل اور فارن فنڈنگ کا جواب مانگتی ہے تو کہتے ہیں ہمارا مقدمہ الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے ہمیں وہاں جواب دینے جانا ہے اور جب الیکشن کمیشن ان سے منی ٹریل اور فارن فنڈنگ کا جواب طلب کرتی ہے تو عمران خان کہتے ہیں کہ ہمارا مقدمہ تو عدالت میں زیر سماعت ہے ہمیں وہاں جواب دینا ہے۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے عمران خان عوام کو تبدیلی کے نام پر چکر دیتے رہے ہیں،اب عدالت اور الیکشن کمیش کو چکر دے رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ عمران خان جو دعوی کرتے تھے کہ میں ہر چیز کا حساب دینے کے لئے تیار ہوں اور کبھی فرار نہیں ہوں گے آج وہ تلاشی دینے سے انکاری ہیں اور فرار ہوتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں،انہوں نے کہا شریف برداران سے تو تین نسلوں کا حساب مانگا جو انہوں نے سینا تان کر دیا،عمران خان سے تو گزشتہ پانچ سال کا حساب مانگا گیا ہے وہ بھی وہ نہیں دے پا رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف بڑی بڑی باتیں کرنا ہی جانتے ہیں، عمران خان ابھی تو حنیف عباسی کی دائر کردہ پیٹشن کے پہلے فارن فنڈنگ کے الزام کا جواب نہیں دے پا رہے،پیٹیشن کے باقی 4 الزامات کا کیسے جواب دیں گے،انہوں نے کہا کہ اب چند ہی دن رہ گئے عدالت کوئی مناسب فیصلہ کرے گی،انہوں نے کہا کہ عمران خان جو فرشتہ صفت بنے پھرتے ہیں جلد ہی ان کی حقیقی تصویر عوام کے سامنے آ جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو جواب دینا پڑے گا اور ہم جواب لینا جانتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات