معروف ہربل فیکٹری 30ٹن ملاوٹ شدہ شہد برآمد ہونے پر سربمہر

15دن کے اندر شہد پیک کرنے والی تمام انڈسٹریزکو چیک کر کے رپورٹ دی جائے ، ڈی جی فوڈ اتھارٹی

منگل 23 مئی 2017 18:11

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ناقص شہد تیار کرنے والی فیکٹری سیل کرتے ہوئے 30 ٹن شہد پکڑ لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کی سربراہی میں اتھارٹی نے معروف ہربل فیکٹری پر چھاپہ مارا اور ناقص شہد تیار کرنے پر مناواں کے علاقے میں کام کرنے والی ہربل انڈسٹری کو سیل کر دیا، فیکٹری میں شہد میںملاوٹ کا کام جاری تھا،شہد میں ناقص رنگوں کا استعمال کیا جا رہا تھااور انتہائی ناقص حالات میں تیار کیا جا رہا تھا اور جگہ جگہ مکڑی کے جالے لگے ہوئے تھے ، شہد کو سٹور کرنے کے لیے نیلے کیمیکل ڈرمز استعمال کیے جا رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے شہد بنانے والی تمام انڈسٹریز کو فوری چیک کرنے کا حکم دیا ہے اور 15دن کے اندر شہد پیک کرنے والی تمام انڈسٹریزکو چیک کر کے عوام کورپورٹ سے مطلع کیا جائے، مزید کاروائیوں میں گلبرگ میں معروف بی وائی اوبی کیفے کو بھی ناقص صفائی اور مضر صحت اجزاء کے استعمال پرسیل کر دیا گیا،کیفے میں تیار چپس میں فرائی ہوئی مکھیاں پائی گئیں، زائد المعیاد اور استعمال شدہ کوکنگ آئل کو ضائع کرنے کا کوئی نظام موجود نہیں تھا جبکہ معروف ریسٹورنٹ میں اشیاء خوردونوش پر تاریخ اجراء اور تاریخ تنسیخ بھی درج نہ تھی۔