گیسٹرو کو پھیلنے سے روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر ضروری ہیں، ڈ پٹی کمشنر

منگل 23 مئی 2017 17:52

اوکاڑہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء)ڈ پٹی کمشنر صائمہ احد نے کہا ہے کہ موسم گرما میں گیسٹرو/اسہال کی وباء کو پھیلنے سے روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر کا اختیار کرنا ازحد ضروری ہے، محکمہ صحت کے حکام اس سلسلہ میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے بارے لوگوں کو بتائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے موسم گرما اور موسم برسات میں انسانی صحت سے متعلقہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ان کے آگاہی پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ڈی او ہیلتھ، ڈپٹی ڈی او ہیلتھ اوراے ڈی سی صبا اصغر سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی او ہیلتھ نے بتایا کہ موسمِ گرما اور موسمِ برسات میں لوگوں کو کھانے پینے سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہے تاکہ اسہال کے مرض سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کھانے پینے کی اشیاء ڈھانپ کر رکھیں، پانی ابال کر پئیں، کھانا کھانے سے پہلے اور واش رومز کے بعد ہاتھ صابن سے دھوئیں، ماحول کو صاف ستھرا رکھیں، بازار میں فروخت ہونیوالے گولے قلفیاں ، کٹے ہوئے پھل اور غیر معیاری اشیاء کے استعمال سے پرہیز کریں، انہوں نے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کو استعمال کرنے سے پہلے اچھی طرح دھوئیں، رات کا بچا ہوا سالن اور باسی اشیاء کھانے سے اجتناب کریں۔