ملک میں چھٹی قومی مردم شماری (کل) مکمل ہو جائے گی،پاکستان بیورو برائے شماریات

منگل 23 مئی 2017 17:52

ملک میں چھٹی قومی مردم شماری (کل) مکمل ہو جائے گی،پاکستان بیورو برائے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) ملک میں چھٹی قومی مردم شماری آج بدھ کو مکمل ہو جائے گی۔ مردم و خانہ شماری کے دوسرے مرحلے میں بلاک دوکے لئے 11 مئی سے 13 مئی تک خانہ شماری ہو ئی جبکہ مردم شماری کا آغاز 14 مئی سے ہوا جو آج 24 مئی کو مکمل ہوگی۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے مطابق دوسرے مرحلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت 88 اضلاع میںدوسرے مرحلے کے پہلے بلاک میں خانہ شماری کا کام 25 سے 27 اپریل کو ہوا جبکہ مردم شماری 28 اپریل کو شروع ہوئی جو 8 مئی کو مکمل ہو ئی۔

اس مقصد کے لئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو 1304 بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں 644 شہری اور 660 دیہی بلاکس شامل ہیں۔ دوسرے مرحلے میں خیبر پختونخوا کے 9109 بلاکس، فاٹا کے 3543، پنجاب کے 46454 ، سندھ کے 20833، بلوچستان کے 4475، آزاد جموں و کشمیر 1579 اور گلگت بلتستان کے 526 بلاکس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے قبل پہلے مرحلے میں 63 اضلاع میں خانہ و مردم شماری مکمل کی گئی ان میں پنجاب کے 16 اضلاع، سندھ کے 8 اضلاع، خیبر پختونخوا کے 13 اضلاع، بلوچستان کے 15 اضلاع، آزاد جموں و کشمیر کے 5 اضلاع اور گلگت بلتستان کے 5 اضلاع کے علاوہ اورکزئی ایجنسی بھی شامل تھی۔

شماریاتی مواد کی واپسی کا کام بھی فوج کی نگرانی میں کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق مردم و خانہ شماری کا تمام عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہوا اور اس دوران اداروں کا باہمی ربط و تعاون اور عوامی رویہ مثالی رہا ہے۔ قبل ازیں پہلے مرحلے میں بین الاقوامی مبصرین کی 6 ٹیموں نے شماریاتی عمل کی نگرانی کی اور اپنی ابتدائی رپورٹ میں انہوں نے شماریاتی عمل کو اطمینان بخش قرار دیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں پنجاب اور سندھ کے اکیس اکیس اضلاع، خیبرپختونخوا کے 18 اضلاع، بلوچستان کے 17 اضلاع، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پانچ پانچ اضلاع اور وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے علاوہ وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقہ جات میں بھی چھٹی قومی خانہ و مردم شماری کا کام شیڈول کے مطابق مکمل کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :