آپریشن ضرب عضب سے متاثر ہونے والے بے گھر افراد کے مکانات کا معاوضہ بڑھا کر 40 لاکھ روپے کیا جائے، وفاقی وزیر سیفران اور سیفران کمیٹی کے چیئرمین بے گھر افراد کی بحالی و آباد کاری میں اپنا کردار ادا کریں، رکن قومی اسمبلی شہاب الدین خان

منگل 23 مئی 2017 17:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) فاٹا سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شہاب الدین خان نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب سے متاثر ہونے والے بے گھر افراد کے مکانات کا معاوضہ چار لاکھ ہے مگر اتنی رقم سے تو گھر کا باتھ روم نہیں بنتا، معاوضہ کی رقم کو بڑھا کر 40 لاکھ روپے کیا جائے، متاثرہ علاقوں کیلئے ملنے والے فنڈز کو ملک کے دوسرے علاقوں میں استعمال کرنا بے گھر افراد کے ساتھ زیادتی ہے، وفاقی وزیر سیفران اور سیفران کمیٹی کے چیئرمین مولانا جمال الدین بے گھر افراد کی بحالی و آباد کاری میں اپنا کردار ادا کریں۔

منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فاٹا کے عوام نے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے جانی و مالی قربانیاں دی ہیں، آپریشن ضرب عضب سے متاثر ہونے والے بے گھر افراد کو مکانات کی تعمیرنو کیلئے چار لاکھ روپے دیئے جا رہے ہیں ان سے گھر کا ایک باتھ روم نہیں بنتا، مکانات کی تعمیر نو کیلئے معاوضہ کی رقم بڑھا کر 40 لاکھ روپے کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مکانات کے معاوضہ جات کیلئے فنڈ کو فاٹا کے عوام کیلئے کھول دینا چاہئے۔ سیفران کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین مولانا جمال الدین فاٹا میں استعمال ہونے والے فنڈز کی مانیٹرنگ کیلئے نہیں جا سکے جبکہ ہم خود اپنے حلقہ میں نہیں جا سکتے۔ شہاب الدین خان نے کہا کہ آپریشن سے متاثر ہونے والے علاقوں کیلئے آنے والے فنڈز کو دوسرے علاقوں میں استعمال کرنا درست نہیں بلکہ بے گھر افراد کے ساتھ زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر سیفران علاقہ کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں اور بے گھر افراد کی بحالی و آباد کاری کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔