پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ خوشگوار برادرانہ تعلقات ہیں، رکن قومی اسمبلی پرویز ملک

منگل 23 مئی 2017 17:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ خوشگوار برادرانہ تعلقات ہیں، وزیراعظم محمد نواز شریف کو سعودی عرب کے دورہ کے موقع پر مکمل پروٹوکول دیا گیا۔ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سعودی عرب کے ساتھ لازوال دوستی اور دیرینہ تعلقات ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا جبکہ سعودی شاہ نے اپنی تقریر کے دوران پاکستان کے دہشت گردی کے خاتمہ کے مؤقف کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے وزیراعظم پاکستان کو مکمل پروٹوکول دیا جو کسی بھی ملک کے وزیراعظم کو دیا جاتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ بات طے تھی کہ وزیراعظم نے امریکہ اسلامی عرب ممالک کانفرنس میں تقریر نہیں کرنی، اس حوالہ سے اپوزیشن جماعتیں بلاجواز تنقید کر رہی ہیں، اس طرح کی تنقید سے حکومت پر کوئی اثر نہیں پڑتا، وزیراعظم پاکستان نے عالمی سطح پر مختلف فورمز پر ملک میں دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پاکستان کے مؤقف کو کھل کر پیش کیا ہے جبکہ عالمی رہنمائوں اور دیگر ممالک نے پاکستان کے مٴوقف کو تسلیم بھی کیا ہے۔