افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار میں فوجی بیس کیمپ پر مسلح شدت پسندوں کے حملے میں 10 افغان فوجی ہلاک

افغانستان کے دشمنوں نے ضلع شاہ ولی کوٹ میں آرمی کور 205 کے اچکزئی کیمپ پر حملہ کیا ،ْافغان وزارت دفاع

منگل 23 مئی 2017 17:40

قندھار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار میں فوجی بیس کیمپ پر مسلح شدت پسندوں کے حملے میں 10 افغان فوجی ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ضلع شاہ ولی کوٹ میں کیے جانے والے حملے کی فوری طور پر کسی بھی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔افغان وزارت دفاع نے حملہ آوروں کی نشاندہی کیے بغیر اپنے جاری بیان میں کہا تھا کہ گذشتہ رات افغانستان کے دشمنوں نے ضلع شاہ ولی کوٹ میں آرمی کور 205 کے اچکزئی کیمپ پر حملہ کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ حملے میں 10 بہادر افغان فوجی ہلاک جبکہ 9 زخمی ہوئے زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔ یاد ہے کہ دو روز قبل افغانستان کے جنوبی صوبے زابل میں طالبان کے جنگجوؤں نے مختلف سیکیورٹی چیک پوسٹس پر بیک وقت حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں 20 پولیس اہلکار ہلاک ہلاک ہوگئے ،ْاسی روز کابل میں ایک غیر ملکی گیسٹ ہاؤس پر مسلح افراد نے حملہ کرکے ایک جرمن خاتون اور افغان گارڈ کو ہلاک کردیا تھا ،ْ فن لینڈ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون لاپتہ تھیں۔

(جاری ہے)

رواں ماہ 9 مئی کو افغانستان کے شمالی صوبے پروان میں ایک مدرسے میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں پروان علماء کونسل کے سرابرہ مولوی عبدالرحیم حنفی جاں بحق اور 4 طلبہ زخمی ہوگئے تھے۔امریکی نگرانی ایجنسی سیگار کے مطابق فروری میں افغانستان کے 407 اضلاع میں سے 60 فیصد افغان حکومت کے کنٹرول میں تھے ،ْجہاں انتظامیہ طالبان کے خلاف حکمت عملی ترتیب دینے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

افغان طالبان نے گزشتہ ماہ اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ موسم بہار کے حملوں کا آغاز کرنے والے ہیں جس کے دوران حملوں کا سلسلہ تیز کردیا جائیگا۔اس سے قبل گزشتہ ماہ شمالی صوبے بلخ میں طالبان کے حملے میں 135 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جوکسی افغان فوجی اڈے پر طالبان کا بدترین دہشت گرد حملہ تھا ،ْ حملے کے بعد امریکی وزیر دفاع جم میٹس نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ افغانستان میں سیکیورٹی فورسز کو ایک اور مشکل سال کا سامنا کرنا پڑیگا۔

حال ہی میں امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے وائٹ ہاؤس سے درخواست کی کہ طالبان کے خلاف جنگ میں آنے والے تعطل کو ختم کرنے کیلئے مزید ہزاروں امریکی فوجی افغانستان بھیجے جائیں۔یاد رہے کہ دسمبر 2014 میں افغانستان سے بڑی تعداد میں غیر ملکی افواج کا انخلاء ہوا تھا تاہم یہاں مقامی فورسز کی ٹریننگ کیلئے امریکی اور نیٹو کی کچھ فورسز کو تعینات رکھا گیا۔اس وقت افغانستان میں 8400 امریکی فوجی جبکہ 5000 نیٹو اہلکار موجود ہیں جبکہ چھ برس قبل تک افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد تھی۔

متعلقہ عنوان :