مزدوروں اورمحنت کشوں کے مسائل کو حل کرنا حکومت کے اولین ترجیحات میں شامل ہیں، ، کنٹریکٹ اورڈیلی ویجز ملازمین کومستقل کرنے کیلئے حکومت نے پالیسی وضع کی ہے

وزیرمملکت کیڈ طارق فضل چوہدری کے پاکستان مزدور ایکشن کمیٹی کے رہنماوں سے مذاکرات و ریلی سے خطاب

منگل 23 مئی 2017 17:10

مزدوروں اورمحنت کشوں کے مسائل کو حل کرنا حکومت کے اولین ترجیحات میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) وزیرمملکت کیڈ طارق فضل چوہدری نے کہاہے کہ مزدوروں اورمحنت کشوں کے مسائل کو حل کرنا حکومت کے اولین ترجیحات میں شامل ہیں،حکومت کی طرف سے قائم کردہ دو رکنی کمیٹی مختلف مزدوریونینوں کی طرف سے پیش کردہ مطالبات کا تفصیل سے جائزہ لے گی اور ان مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اورمخلصانہ کوششیں کی جائیں گی، کنٹریکٹ اورڈیلی ویجز ملازمین کومستقل کرنے کیلئے حکومت نے پالیسی وضع کی ہے۔

ان خیالات اظہارانہوں نے منگل کو یہاں 52مزدوریونینوں پر مشتمل پاکستان مزدور ایکشن کمیٹی کے رہنماوں سے مذاکرات اوربعد ازاں مزدوروں اورمحنت کشوں کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان مزدور ایکشن کمیٹی حکومت سے مزدوروں کی کم سے کم تنخواہ 20ہزار روپے کرنے، کنٹریکٹ اورڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی،ٹھیکیداری نظام کے خاتمے اورنجکاری کے عمل میں ملازمین،مزدوروں اورمحنت کشوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کررہی تھی۔

(جاری ہے)

وزیرمملکت کیڈ طارق فضل چوہدری نے کہاکہ انہیں ریلی کے بارے میں جب معلوم ہوا تو انہوں نے وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے رابطہ کیا ،وفاقی وزیرخزانہ کی ہدایت پر دو رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کی قیادت وہ(طارق فضل چوہدری) خود کررہے ہیں،کمیٹی میں لیبریونینوں کے نمائندوں کو بھی شامل کیاگیاہے اوران کے مشاورت سے سفارشات مرتب کرکے ان کے حل کیلئے سنجیدہ نوعیت کے اقدامات کئے جائیں گے۔

ڈاکٹرطارق فضل چوہدری نے کہاکہ حکومت مزدووں اورمحنت کشوں کے مسائل سے لاعلم نہیں ، مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے مزدوروں اورمحنت کشوں کو سہولیات کی فراہمی اوران کے حقوق کے تحفظ کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وہ وفاقی دارالحکومت سے منتخب رکن پارلیمان ہیں اور ان کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہیں کہ مزدوروں اورمحنت کشوں کے مسائل کے حل میں اپنا مقدوربھر کردار ادا کرسکیں۔

وزیرمملکت نے کہاکہ ڈیلی ویجز اورکنٹریکٹ ملازمین کی حوالے سے حکومت نے پالیسی وضع کرلی ہے جس پر قواعد وضوابط کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنایا جائیگا۔انہوں نے لیبر یونینز کے نمائندوں اورریلی میں شریک محنت کشوں کو یقین دلایا کہ انشاء اللہ ان کے مسائل حل ہوں گے اورنئے وفاقی بجٹ میں محنت کشوں کیلئے اچھی خبریں ہوں گی۔ قبل ازیں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے لیبریونینز کے رہنماوں چوہدری محمد یاسین،خورشید اعوان، ٹکا خان،ظہور اعوان ، پی ایف یو جے کے صدرافضل بٹ، راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری علی رضا علوی اوردیگر نے حکومت سے مزدوروں کی کم سے کم تنخواہ 20ہزار روپے کرنے، کنٹریکٹ اورڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی،ٹھیکیداری نظام کے خاتمے اورنجکاری کے عمل میں ملازمین،مزدوروں اورمحنت کشوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔

ریلی میں سینکڑوں کی تعداد میں مزدوروں اورمحنت کشوں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :