اخبار مارکیٹ کے قیام کیلئے بلدیہ چکوال جلد جگہ فراہم کردی جائے گی،چیئرمین چوہدری سجاد احمد

منگل 23 مئی 2017 17:10

اخبار مارکیٹ کے قیام کیلئے بلدیہ چکوال جلد جگہ فراہم کردی جائے گی،چیئرمین ..
چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری سجاد احمد نے منگل کے روز بتایا کہ اخبار فروش رزق حلال کمانے والا اہم طبقہ ہے لہٰذا چکوال میں اخبار مارکیٹ کے قیام میں بلدیہ چکوال پورا تعاون کرے گی اور اس ضمن میں قانون اور ضابطے کے مطابق اخبار مارکیٹ کیلئے جگہ جلد فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

وہ اخبار فروش یونین سٹی چکوال کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے،وفدکے اراکین نے سٹی صدر ملک مرتضیٰ عاصی ، سیکرٹری جنرل ثقلین یٰسین، قیصر عباس او رضلعی صدر ملک غلام علی کے ہمراہ چیئرمین سے ان کے دفتر میں ملاقات کی تھی۔

وفد کے ہمراہ نیوز ایجنٹ ارشد محمود عباسی اور خواجہ بابر سلیم محمود بھی تھے۔ اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی قدیر گورایا بھی موجود تھے۔ وفد نے چیئرمین کو بتایا کہ 1986سے لیکر اب تک اخبار مارکیٹ کے قیام کی بات متعدد اہم سرکاری فورم پر ہوئی ، یقین دہانیاں بھی کرائی گئیں مگر اخبار فروشوں کو ان کا حق نہیں دیا گیا۔ چیئرمین چوہدری سجاد احمد نے یقین دلایا کہ ان کے پاس جتنے بھی اختیارات ہیں وہ ان کا استعمال کرتے ہوئے اخبار فروشوں کے اس دیرینہ مسئلے کو حل کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔