ن لیگ چور چور کا شور مچا کر اپنی چوری چھپانا چاہتی ہے، تحریک انصاف

عمران ایک ایک روپے کا حساب دینے کے لئے تیار ہیں،ہم نے 1872 سے اپنی منی ٹریل عدالت میں جمع کرادی ہے،فواد چوہدری

منگل 23 مئی 2017 16:53

ن لیگ چور چور کا شور مچا کر اپنی چوری چھپانا چاہتی ہے، تحریک انصاف
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چورچور کا شور مچا کر(ن) لیگ اپنی چوری چھپانا چاہتی ہے،حنیف عباسی پہلے اپنی ایفی ڈرین کیس کا حساب دیں،عمران خان پر لوگ اندھا اعتماد کرتے ہیں مگر وزیراعظم نوازشریف سے لوگوں نے قرض اتارو ملک سنوارو کے پیسے بھی واپس مانگ لئے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک ایک روپے کا حساب دینے کیلئے تیار ہیں اور ہم نے 1972ء سے اپنی منی ٹریل عدالت میں جمع کرادی ہے۔عمران خان پر لوگ اندھا اعتماد کرتے ہیں اور تحریک انصاف پاکستان کی واحد پارٹی ہے جو پولٹیکل فنڈنگ کرتی ہے،لوگ عمران خان کو لاکھوں روپے فنڈنگ کیلئے دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دیگر جماعتوں کی فنڈنگ کا کوئی پتہ نہیں کہ وہ کہاں سے آتی ہے،ہم فیڈرل حکومت سے کہتے ہیں کہ ہماری تحقیقات کریں اگر ہماری پارٹی بیرون ملک فنڈنگ میں ملوث ہے تو اسے بند کردیں۔کیا(ن) لیگ ہمیں اپنی فنڈنگ کی تحقیقات کی اجازت دے گی کیونکہ(ن) لیگ کی فنڈنگ اسامہ بن لادن،بڑے بزنس مینوں،بیرون ملک مقیم تاجروں سے ہوئی جو کہ اصغر خان کیس سے ثابت ہو چکا ہے۔

(ن) لیگ کی بنیاد ہی گندے پیسے سے ہوئی ہے اور ان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آئیں آپ ہمارا احتساب کریں ہم آپ کا احتساب کرتے ہیں اور ہم پیپلزپارٹی،مولانا فضل الرحمان کی پارٹی فنڈنگ کا بھی احتساب کریں گے کیونکہ باقی پارٹیاں بھی کسی نہ کسی چوری میں ملوث ہیں،احتساب کے بعد واحد پارٹی تحریک انصاف ہی ہوگی جو کسی بھی طرح کی چوری میں ملوث نہیں ہوگی۔

تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ عمران خان نے لوگوں کی چیرٹی سے شوکت خانم ہسپتال اور نمل جیسے ادارے بنائے مگر(ن) لیگ کوئی ترقیاتی کام کے قریب سے بھی نہیں گزرے۔حنیف عباسی ایک چھوٹے سے میڈیکل سٹور سے ملینیئر کیسے بنے وہ اس کا حساب دیں کیونکہ حنیف عباسی نے ایفی ڈرین کیس سے اربوں روپے بنائے۔ایفی ڈرین وہ چیز ہے جو ہیروئن بنانے کیلئے استعمال ہوتا ہے کیا وہ اس کا حساب دیں گے،آج وہ عمران خان سے حساب مانگ رہے ہیں پہلے وہ اپنے ماضی میں تو جھانکیں۔انہوں نے دانیا عزیز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دانیال عزیز نے این جی او کے ذریعے اربوں روپے فنڈ لیا اور کھا گئے کیا وہ اس کا حساب دیں گی۔