حکومت کا ایک ہی دن روزے کیلئے خیبر پختونخوا کے علماء سے رابطہ

رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 26 مئی کو اسلام آباد میں ہوگا

منگل 23 مئی 2017 16:48

حکومت کا ایک ہی دن روزے کیلئے خیبر پختونخوا کے علماء سے رابطہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2017ء)ایک ہی روز پہلے روز کے لئے وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے علماء کو اعتماد میں لینے کے لئے رابطہ کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور حکام نے ملک بھر میں ایک ہی روز پہلے روزے کے لیے کوششیں شروع کردی ہیں اور اس کے لیے چیف خطیب خیبر پختونخوا کو بھی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے کردار ادا کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 26 مئی کو مفتی منیب الرحمٰن کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوگا جس کے لئے وزارت مذہبی امور نے چاروں صوبوں کے محکمہ اوقاف کے حکام سے رابطے کرکے درخواست کی ہے کہ رمضان المبارک پر قومی اتفاق نہایت ضروری ہے اور امید ہے کہ رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے پر پورے ملک میں رمضان المبارک ایک ہی روز میں شروع ہوگا۔وفاقی وزارت نے خیبرپختون خوا کے ڈی جی مذہبی امور کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے پر اتفاق رائے کے لئے مسجد قاسم پشاور سے بھی رابطہ کیا جائے اور انہیں اس حوالے سے قائل کرنے کی کوشش کی جائے جبکہ چیف خطیب کے پی کو بھی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے کردار ادا کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔