خطے کی ترقی ،استحکام کیلئے سارک کے پلیٹ فارم کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے، ممنون حسین

سارک کو مؤثر پلیٹ فارم بنانے کیلئے تمام رکن ممالک کو مشترکہ کوششیں کر نی چاہئیں ،خطے کے بری، بحری اور فضائی رابطوں کو مؤثر بنانا انتہائی ضروری ہے،صدر مملکت کی سارک کے سیکریٹری جنرل امجد حسین بی سیال سے گفتگو

منگل 23 مئی 2017 16:46

خطے کی ترقی ،استحکام کیلئے سارک کے پلیٹ فارم کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ خطے کی ترقی اور استحکام کیلئے سارک کے پلیٹ فارم کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں سارک سیکریٹریٹ اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے۔ صدر مملکت نے یہ بات سارک کے نو منتخب سیکریٹری جنرل امجد حسین بی سیال سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایوان صدر اور وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ سارک کو مؤثر پلیٹ فارم بنانے کے لیے تمام رکن ممالک کو مشترکہ کوششیں کر نی چاہئیں ، اس سلسلے میں سارک کا فورم ایک بہترین بنیاد فراہم کر سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ رکن ممالک کے مختلف شعبوں میں ترقی اور استحکام کے لیے سارک چارٹر انتہائی مفید دستاویز ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان ان مقاصد کے حصول کے لیے خلوص نیت سے کام کر رہا ہے کیونکہ رکن ممالک کے عوام کی خوشحالی اور معیار زندگی میں بہتری کے لیے ان مقاصد کا فروغ ضروری ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ خطے کے بری، بحری اور فضائی رابطوں کو مؤثر بنانا انتہائی ضروری ہے۔ پاکستان ان مقاصد کی بھر پور حمایت کرتا ہے اور سمجھتا ہے کہ خطے کے ممالک کے درمیان مواصلاتی رابطے اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کا ذریعہ بنیں گے۔ انھوں نے کہا کہ سارک ممالک کے درمیان اختلافات کے خاتمے کے لیے مسلسل کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے سارک سیکریٹریٹ کا کردار اہم ہے لیکن رکن ممالک کے درمیان دوطرفہ رابطوں میں بھی اضافہ ہونا چاہیے تاکہ باہمی ہم آہنگی میں اضافہ ہو سکے۔اس موقع پر سارک کے سیکریٹری جنرل امجد حسین بی سیال نے بتایا کہ رکن ممالک کے درمیان ، تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ اور امورِ داخلہ کے محکموں کے درمیان وزارتی سطح پر روابط شروع کر دیئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :