وفاقی بجٹ برائے مالی سال 2017-18ء کی مقررہ مدت میں تکمیل کیلئے تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں

حکومت بجٹ میں لوگوں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دے گی روزگار کے مواقع پیدا کرنے ، بلند ، پائیدار اور مجموعی اقتصادی نمو پر توجہ مرکوز رکھی جائے گی بجٹ تمام متعلقہ وزارتوں اور محکموں کی مکمل ہم آہنگی کے ساتھ تیار کیا جارہاہے، حکام وزارت خزانہ

منگل 23 مئی 2017 16:46

وفاقی بجٹ برائے مالی سال 2017-18ء کی مقررہ مدت میں تکمیل کیلئے تیاریاں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) وفاقی بجٹ برائے مالی سال 2017-18ء کی مقررہ مدت میں تکمیل کے لئے تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں، موجودہ حکومت آئندہ بجٹ میں لوگوں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دے گی جس میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے ، بلند ، پائیدار اور مجموعی اقتصادی نمو پر توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔ وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق نئے مالی سال کا بجٹ تمام متعلقہ وزارتوں اور محکموں کی مکمل ہم آہنگی کے ساتھ تیار کیا جارہاہے ۔

اس سلسلہ میں رواں مالی سال کے اقتصادی جائزہ کے اجراء اور نئے مالی سال کے بجٹ کو پارلیمنٹ میں پیش کئے جانے جیسے اقدامات طے شدہ شیڈول کے مطابق کئے جائیں گے۔ بجٹ سازی میں عام لوگوں کو ریلیف دینے کے پیش نظر تمام متعلقہ شراکتداروں بشمول کاروباری برادری ، تاجروں، چیمبر ز آف کامرس اینڈانڈسٹریز اور دیگر کے ساتھ بھرپور مشاورت کی گئی ہے جن کی گراں قدر اور تعمیری تجاویز کو بجٹ سازی کے عمل میں زیر غور لایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح محصولات بہتری کے لئے حکومت نے متعدد اصلاحات متعارف کروائی ہیں جو ٹیکس وصولی کے نظام کی بہتری، ٹیکس کی بنیادکو وسعت دینے ، ٹیکس دہندگان کو سہولیات دینے سے متعلق ہیں۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے نئے مالی سال کے بجٹ کی دستاویزات کی پرنٹنگ کے لئے نظام وضع کیا ہے۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں جی ڈی پی کی شرح نمو 6فیصد تک بڑھانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی اور اس مقصد کے لئے حکومت مالیاتی اور پالیسی اقدامات متعارف کرائے گی۔

علاوہ ازیں رواں مالی سال 2016-17ء کے دوران معاشی کارکردگی پر مبنی اقتصادی جائزہ کل جمعرات کو جاری کئے جانے کاامکان ہے ۔ اقتصادی جائزے میں رواں مالی سال کے دوران مجموعی معاشی کارکردگی کاجائزہ پیش کیاجائے گا۔ واضح رہے کہ قومی اقتصادی کونسل 19مئی کو وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں آئندہ مالی سال کے لئے جی ڈی پی کی شرح نمو کاہدف 6فیصد مقرر کرنے کی پہلے ہی منظوری دے چکی ہے جبکہ جاری مالی سال کے دوران 5.3فیصد کی شرح نمو حاصل کر لی گئی ہے ۔

قومی اقتصادی کونسل آئندہ مالی سال کے لئے 2.5 کھرب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری بھی دی ہے جس میں 1001ارب روپے وفاقی ترقیاتی پروگرام اور 1112 ارب روپے صوبائی ترقیاتی پروگرام کے لئے ہیں جبکہ 400ارب روپے سے زائد رقوم مختلف کارپوریشنیں اپنے وسائل سے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کریں گی۔

متعلقہ عنوان :