تارکین وطن ووٹ معاملہ، سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل اور الیکشن کمیشن سے رپورٹ مانگ لی

سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے پر عدالت پہلے ہی فیصلہ دے چکی جو حتمی ہے، چیف جسٹس کے ریمارکس

منگل 23 مئی 2017 16:32

تارکین وطن ووٹ معاملہ، سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل اور الیکشن کمیشن سے ..
اسلام آباد (آن لائن(سپریم کورٹ نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے معاملے پر اٹارنی جنرل اور الیکشن کمیشن سے پیشرفت رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہیں کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے پر عدالت 2014 میں فیصلہ دے چکی وہ فیصلہ حتمی ہے،بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا سرمایہ ہیں، بیرون ملک مقیم افراد کے مسائل حل کرنے کیلئے خصوصی سیل قائم کر دیئے ہیں ،خصوصی سیل ہائی کورٹس میں قائم ہوئے، سپریم کورٹ میں موجود سیل بھی فعال کر دیا ہے،ممکن ہے سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے خصوصی عدالتیں بھی قائم کریں۔

(جاری ہے)

کیس کی سماعت منگل کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں میں تین رکنی بنچ نے کی، دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں زیر التوا ہے، جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ووٹ کا حق مل بھی جائے تو ووٹنگ کا طریقہ کیا ہوگا ووٹنگ کمپیوٹرائزڈ ہوگی یا بذریعہ ڈاک، پارلیمنٹ کو ہدایات نہیں دے سکتے، درخواست گزار داد غازی نے کہا کہ عمران خان نے بھی معاملے پر عدالت آنے کا اعلان کیا، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت آنا آپکا اور قوم کا عدلیہ پر اعتماد ہے، درخواست گزار نے کہا کہ ایک سو پندرہ ممالک اپنے بیرون ملک مقیم شہریوں کو ووٹ کا حق دیتے ہیں،چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم افراد کے مسائل حل کرنے کیلئے خصوصی سیل قائم کر دیئے ہیں ،خصوصی سیل ہائی کورٹس میں قائم ہوئے، سپریم کورٹ میں موجود سیل بھی فعال کر دیا ہے،ممکن ہے سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے خصوصی عدالتیں بھی قائم کریں ،عدالت نے معاملے پر اٹارنی جنرل اور الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی ۔