پاکستان ہمارا دوسرگھر ہے، مقدس مقامات کی دیکھ بھال، حفاظت، گرمجوش میزبانی نے دل جیت لئے،بدھ مت زائرین

پاکستان اور چین دو ایسے ممالک ہیں جنہوں نے سری لنکا اور اس کے عوام کوہمیشہ غیرمشروط حمایت اور محبت دی ہے،پروفیسر گلیلی سوماناسری تھیرو پاکستان آکر بہت اچھا لگا ،پاکستان کی حکومت اور لوگ بہت مہمان نواز ہیں،بھکشو خواتین کی میڈیا سے گفتگو ٹیکسلا میوزیم کے کیوریٹر محمد ناصر خان نے وفد کو دھرماراجیکی میں مرکزی سٹوپا اور دیگر قدیم مقامات کی تاریخ پر بریفنگ دی

منگل 23 مئی 2017 16:19

پاکستان ہمارا دوسرگھر ہے، مقدس مقامات کی دیکھ بھال، حفاظت، گرمجوش ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2017ء) سری لنکاکے بدھ بھکشوئوںاور زائرین نے گوتم بدھا کے یوم پیدائش پرسالانہ وساکھ میلہ کے سرکاری سطح پرانعقاد پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے۔ ان کے مقدس مقامات کی دیکھ بھال، حفاظت اور گرمجوش میزبانی نے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار بھکشوئوں اور زائرین کے وفد میں شامل افراد نے منگل کو میڈیا سے گفتگو میں کیا۔

وفد نے وساکھ میلہ کے دوسرے دن ٹیکسلا میں دھرماراجیکی سمیت دیگر بدھ مت کے مقدس مقامات کا دورہ کیا اور اپنے عقائد کے مطابق مذہبی رسومات اداکیں۔اس موقع پرپاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) جے ناتھ سی پی کوٹاگوداگیج، قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے جوائنٹ سیکریٹری سید جنید اخلاق کے علاوہ ڈویژن اور سری لنکاہائی کمیشن کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ٹیکسلا میوزیم کے کیوریٹر محمد ناصر خان نے دھرماراجیکی میں مرکزی سٹوپا اور دیگر قدیم مقامات کی تاریخ پر بریفنگ دی اور ان کی دیکھ بھال کے حوالے سے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ زائرین وفد کے سربراہ اور وائس چانسلر بدھسٹ اینڈ پالی یونیورسٹی سری لنکاپروفیسر گلیلی سوماناسری تھیرو نے کہاکہ پاکستان آمد پر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے ہم اپنے ہی گھر میں ہیں۔

ہماری بھرپور میزبانی اور سہولیات کی فراہمی پر صدر، وزیراعظم، مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی اور قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کا شکریہ اداکرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سری لنکا کے عوام پاکستان کو اپنے دل کے بہت قریب پاتے ہیں۔ پاکستان کی ترقی اور سلامتی کے لئے ہم دعا کرتے ہیں۔ پروفیسر گنانا رتنانے کہا کہ پاکستان سری لنکا کا سچا دوست ہے جس نے ہمیشہ سری لنکا کی مشکل میں اس کا ساتھ دیا۔

پاکستان اور چین دو ایسے ممالک ہیں جنہوں نے سری لنکا اور اس کے عوام کو ہمیشہ غیرمشروط حمایت اور محبت دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح سے لے کر ذوالفقار علی بھٹو اور خاص طورپر موجود ہ قیادت نے پاکستان اور سری لنکا کی دوستی کو مضبوط کیا ہے۔ وفد میں شامل بھکشو خواتین پی دھرماندے، ایم سیلپریگا اور اے سمن اسیلی نے کہاکہ ہم اپنے مقدس مقامات کی زیارت کے لئے پہلی بار پاکستان آئے ہیں اورہمیں بہت اچھا لگا ہے۔

یہاں کی حکومت اور لوگ بہت مہمان نواز ہیں۔ پاکستان ہمیں اپنا دوسر اگھر محسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال وزیراعظم نواز شریف نے سری لنکا کے صدر کی درخواست پر گوتم بدھا کے پاکستان میں موجود تبرکات خصوصی طورپر سری لنکا بھجوائے تھے جن کی پورے سری لنکا میں لوگوں نے زیارت کی تھی۔وفد کے ارکان نے وساکھ میلہ کے لئے انتظامات پر حکومت پاکستان، قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن اور اس کے حکام کی خدمات کو سراہا۔ مشیر وزیراعظم برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی کی دعوت پر سری لنکا سے زائرین کا وفدوساکھ میلہ میں شرکت کے لئے پاکستان آیا ہے۔ جاپان سمیت دیگر بدھ مت کے ماننے والے ممالک کو بھی دعوت دی گئی ہے کہ وہ ہر سال اس تہوار پر اپنے زائرین پاکستان بھجوائیں۔

متعلقہ عنوان :