قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس شروع-پیپلزپارٹی کی پی آئی اے طیاروں سے ہیروئن برآمد ہونے پر توجہ دلاﺅ نوٹس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 23 مئی 2017 15:15

قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس شروع-پیپلزپارٹی کی پی آئی اے طیاروں سے ہیروئن ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23مئی۔2017ء) قومی اسمبلی کا بجٹ سیشن آج منگل کے روزسے شروع ہوگیا ہے اور 26مئی کو ایوان میں وفاقی بجٹ 2017-18 پیش کیا جائے گا ،پہلے روزکی کاروائی پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے رکن عبدالرحیم مندوخیل کے انتقال کے سوگ اظہار تعزیت کے بعد مزید بغیر کسی کاروائی کے ملتوی کردی گئی۔ بجٹ سیشن کے پہلے روز کے اجلاس میں مرحوم عبدالرحیم مندوخیل کےلئے تعزیتی قرارداد منطور کی گئی اور دونوں اطراف کے سرکردہ اراکین نے مرحوم کی خدمات پر اظہار خیال کیا۔

بجٹ سیشن کےلئے بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس بھی ہوگا جس میں بجٹ سیشن کی حکمت عملی طے کی جائے گی اور بجٹ کے معاملات پر حکومت اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں بجٹ پیش کرنے کی تاریخ، بجٹ بحث کے دورانیے اور منظوری سے متعلق اہم فیصلے کئے جائیں گے۔دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے قومی ایئر لائن کے طیاروں سے مسلسل منشیات برآمدگی کے واقعات پر قومی اسمبلی میں توجہ دلا نوٹس جمع کرادیا ہے۔

جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔قومی اسمبلی میں توجہ دلا نوٹس سید نوید قمر ، اعجاز جاکھرانی، مصطفی شاہ ، عمران لغاری ، شازیہ مری اور نفیسہ شاہ نے جمع کرایا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران دومرتبہ قومی ایئر لائن کے طیاروں سے منشیات کی بر آمدگی ذمہ داران کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ واقعات قومی ایئرلائن کی ساکھ کو مجروح کرنے اور دنیا میں پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش ہیں۔ لہذا حکومت فی الفور اس گھنانے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچائے۔