کراچی میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز،سیکورٹی کے سخت انتظامات

پولیومہم کے دوران پولیورضاکاروں، موبائل ٹیموں، فکس مراکز، بس اڈوں اور ریلو ے اسٹیشنوں پر پولیورضاکار فرائض انجام دے رہے ہیں، انسداد پولیو مہم کے لیے ضلعی انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کیے ہی ، رضاکاروں کی حفاظت کے لیے پولیس اور رینجرز اہلکار موجود رہیں گے،ڈائریکٹر صحت کراچی

منگل 23 مئی 2017 11:46

کراچی میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز،سیکورٹی کے سخت انتظامات
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2017ء) کراچی میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا جس میں 5 سال تک کے 22 لاکھ بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی خوراک پلائی جائے گی۔ڈائریکٹر صحت کراچی ڈاکٹر ایم توفیق کا کہنا ہے کہ پولیومہم کے دوران پولیورضاکاروں، موبائل ٹیموں، فکس مراکز، بس اڈوں اور ریلو ے اسٹیشنوں پر بھی پولیورضاکار فرائض انجام دے رہے ہیں، انسداد پولیو مہم کے لیے ضلعی انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔

رضاکاروں کی حفاظت کے لیے پولیس اور رینجرز اہلکار موجود رہیں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ماہرین طب کا کہنا ہے کہ پولیو وائرس مئی سے اگست تک گرمی کے موسم میں شدت اختیار کرتا ہے اس موسم میں پولیو وائرس تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستان میں گرم موسم شروع ہوتے ہی پولیو کے کیس بڑھتے ہیں ۔کسی بھی علاقے میں پولیوکا ایک کیس بھی رپورٹ ہونے پر اسے وبائی مرض قرار دیا جاتا ہے کیونکہ پولیو وائرس ہوا میں شامل ہوکر 2 کلو میٹر تک فضا میں رہتا ہے جو 5 سال سے کم عمر کے بچوں پر حملہ آور ہوتا ہے اور بچے کو ہمیشہ کے لیے معذور بنادیتا ہے۔ پولیو وائرس حملہ آور ہوتے ہی بچے کو مفلوج کردیتا ہے، بچے کی ٹانگیں اور نچلادھڑ مفلوج ہوجاتا ہے۔