پاکستان کے سافٹ امیج کو پوری دنیا میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ، آرٹ و کلچر میں پاکستانی ٹیلنٹ کا کوئی مقابلہ نہیں

وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب راجہ اشفاق سرورکا تقسیم ایوارڈ کی تقریب سے خطاب

پیر 22 مئی 2017 23:05

پاکستان کے سافٹ امیج کو پوری دنیا میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ، آرٹ و ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2017ء) پنجاب کے وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کے سافٹ امیج کو پوری دنیا میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ، آرٹ و کلچر میں پاکستانی ٹیلنٹ کا کوئی مقابلہ نہیں، وزیر اعلی پنجا ب محمد شہباز شریف نے نوجوانوںکے ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع فراہم کئے ہیں اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے کلچر ونگ نے ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد سے صوبے میں ہر سطح پر آرٹسٹوں کی حوصلہ افزائی کرکے آرٹ کے ہر شعبے سے وابستہ آرٹسٹوں کی پذیرائی کی ہے۔

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ آرٹسٹ معاشرے کا حساس طبقہ ہیںجو اپنی تخلیق اور خدادار صلاحتوں سے تہذیبی و ثقافتی روایات کو فروغ دیتے ہیںاور سماجی و معاشرتی مسائل اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو تفریحی مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امر کا اظہار راولپنڈی آرٹس کونسل میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کلچرل ونگ پنجاب کے زیراہتمام آرٹس کونسل راولپنڈی میں تقسیم ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب ،میئرراولپنڈی سردار محمد نسیم، اراکین پنجاب اسمبلی محمد راجہ حنیف ،زیب النساء اعوان، مسزتحسین فواد ، لبنی ریحان ، پاکستان مسلم لیگ صوبائی کونسل کے رکن یاسر بٹ پی ایم ایل (ن)کلچرل ونگ پنجاب کی مسز نسرین ملک ، صدر کلچرل ونگ راولپنڈی مسز رفعت عباسی اور مختلف آرٹسٹ تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ ملک میں صحت مند جمہوری روایات قائم کرنے اور ترقیاتی انقلاب برپا کرنے کے عظیم پروگراموں کے ساتھ ساتھ ہر شعبہ زندگی میں بہترلانے کے لیے وزیراعظم پاکستان محمونوازشریف اور وزیراعلی پنجاب محمد نواز شریف قومی ترقی کے وژن ،کمٹمنٹ اور جذبے کے ساتھ ساتھ قائدانہ کردار کررہے ہیں جن سے ملک میں سی پیک جیسے عظیم منصوبے تکمیل پارہے ہیں اور راولپنڈی میں اربوں روپے کی لاگت سے میگا پراجیکٹس مکمل کئے گے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی آرٹسٹ اپنی اعلی صلاحیتوں سے ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں اور وہ کسی سے پیچھے نہیں۔ انہوںنے ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے پنجاب کلچرل ونگ کی خدمات کو سراہا ۔ اس موقع پر اعلی کارکردگی کے ایوارڈز بھی تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :