وزیراعلیٰ بلوچستان سے رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی کی ملاقات

صوبے کی سیاسی صورتحال سمیت ضلع خاران کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

پیر 22 مئی 2017 23:03

وزیراعلیٰ بلوچستان سے رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی کی ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے پیر کے روز یہاں ملاقات کی، ملاقات کے دوران صوبے کی سیاسی صورتحال سمیت ضلع خاران کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، رکن صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ کی قیادت پر خاران کے عوام اور اپنی جانب سے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے خاران کی ترقی کے لیے وزیراعلیٰ کی خصوصی توجہ اور عملی اقدامات پر ان کا شکریہ ادا کیا ، انہوں نے کہا کہ خاران کے محب وطن اور باشعور عوام اپنے ضلع اور صوبے کی مجموعی ترقی کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ویژن اور ترقیاتی پالیسیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، بالخصوص وزیراعلیٰ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ضلعوں کو بیس 20کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز کی فراہمی پر ان کے مشکور ہیں، رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ صوبے کے قیام سے اب تک کبھی بھی کسی وزیراعلیٰ نے ضلعی ہیڈ کوارٹروں کی ترقی کے لیے اس قسم کا انقلابی پروگرام نہیں دیا، انہوں نے کہاکہ مخالفین کچھ بھی کہہ لیں وہ سیاسی نعروں اور شعبدہ بازیوں کے ذریعے صوبائی حکومت کی کارکردگی کو جھٹلا نہیں سکتے ،2018 کے انتخابات میں انہیں منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی اور مسلم لیگ کے صوبائی صدر وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں مسلم لیگ ایک مرتبہ پھر بھاری اکثریت حاصل کر کے حکومت بنائے گی، رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کے استحکام کی جدوجہد میں وزیراعلیٰ کے بچوں کا خون بھی شامل ہے، جس کے لیے عوام ان کے احسان مند ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر کہا کہ خاران سمیت تمام صوبے کے عوام ان کے اپنے ہیں ، ان کے مسائل کا حل ، ان کا تحفظ اور ترقی و خوشحالی ہمارے ویژن کا حصہ اور ذمہ داری ہے، جسے پورا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔