رضاکارانہ خدمات سر انجام دینے والی تنظیمیں اور ادارے اپنی سرگرمیوںکو مربوط بنائیں، نبیلہ ملک

پیر 22 مئی 2017 22:39

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2017ء) رفاہ عامہ کے لئے رضاکارانہ طورپر خدمات سر انجام دینے والی غیر سرکاری تنظیمیں اور ادارے اپنی سرگرمیوںکو مربوط بنائیں اور سماجی بہبود کے ساتھ ڈینگی ، پولیو ، ہیپاٹائٹس ، گیسٹرو اور دیگر مہلک بیماریوں کی روک تھام اورعوامی آگاہی و ہیلتھ ایجوکیشن کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر و بیت المال راولپنڈی ڈویژن نبیلہ ملک نے راولپنڈ ی میں سماجی بہبود کی تنظیموں کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے خصوصی اقدامات کے طورپر پنجاب میں ہفتہ انسداد ہیپاٹائٹس کا آغاز ہو گیا ہے جس کے تحت ہیپاٹائٹس کے مریضوں کا مفت علاج ہو رہا ہے اور انہیں ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سماجی کارکنان حکومت کی طرف سے شہریوں کے لئے فراہم کی گئی سہولیات کے بارے میں آگاہی عام کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے کہاکہ سماجی بہبود پنجاب کے اداروں اور سماجی کارکنان کے تعاون سے غریب و مستحق افراد کی بہبود کے لئے بھی کئی پروگرام شروع کئے گئے ہیں اور معذور افراد کو ملازمتوںکے مواقع بھی فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے غیر سرکاری تنظیموںکے فعال نمائندوں کے جذبے اور عوامی بھلائی کے لئے کاموں میںان کی بھرپور شرکت کو بھی سراہا اور اس سلسلے میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔