Live Updates

سوشل میڈیا نے پاکستان کے ہر شہری کو اپنا پیغام وآواز پوری دنیا تک پہچانے کیلئے آزاد کردیا ہے ‘سوشل میڈیا ٹیم پی ٹی آئی کی ریڑھ کی ہڈی ہے

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی اسد عمر کا احتجاجی مظاہرے سے خطاب

پیر 22 مئی 2017 22:32

سوشل میڈیا نے پاکستان کے ہر شہری کو اپنا پیغام وآواز پوری دنیا تک پہچانے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا نے پاکستان کے ہر شہری کو آزاد کردیا کہ وہ اپنا پیغام ،اپنی آواز پوری دنیا تک پہنچائے ،یہ ایک بنیادی حق ہے جس کے بغیر حقیقی جمہوریت پنپ نہیں سکتی، اس آزاد ی اظہار کے اوپر نواز شریف کی آیف آئی اے کی یلغار ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،سوشل میڈیا ٹیم پاکستان تحریک انصاف کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اسی لئے نواز شریف ایف آئی اے کے ذریعے تحریک انصاف کی آواز کو دبانا چاہتے ہیں،وہ پیر کو پریس کلب کے باہرپی ٹی آئی سوشل میڈیا کراچی کی جانب سے ملک بھر میں سوشل میڈیا کارکنان کی گرفتاریوں کے خلاف احتجاج سے خطاب کررہے تھے،اس موقع پر ان کے ہمرا ہ کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی ،سردار عبد العزیز، جمال صدیقی ، منصور شیخ، سیف الرحمان، سبحان ساحل، دوا خان صابر، راجہ اظہر،سرور راجپوت ، سادیہ آغا، صائمہ ندیم، رفاقت عمر، بلال غفار، عطاء اللہ ایڈوکیٹ،فہیم خان،منور قریشی، شہزاد قریشی، شاہنواز جدون، اکبر موریجو،بسم اللہ خان،امجد جاہ، ڈاکٹر سنجے، سردار شمون، ڈاکٹر اواب علوی، شاہد مجید، ارشد صدیقی، زین ندیم، عبید الرحمان، علیشا ناز اور دیگر رہنما و خواتین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اسد عمر نے مزید کہا کہ سائبر کرائم کے نا م پر سیاسی مخالفین تحریک انصاف کو انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔ یہ وہی ایف آئی اے ہے جو 7ماہ تک ڈان لیکس کے معاملے میںسوئی ہوئی تھی۔ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان محب وطن شہری ہیں جن کا افواج پاکستان کے خلاف پراپگنڈہ سے کسی قسم کا تعلق نہیں ہے ۔پاناما فیصلے کے بعد سے ن لیگ بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔

کوئی بھی پاکستانی جس کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو جو اپنی رائے کے اظہار کا حق رکھتا ہے اس کے خلاف حکومتی کاروائی کی تحریک انصاف مخالف ہے چاہے وہ مسلم لیگ ن کا سوشل میڈیا ورکر ڈاکٹر فیصل رانجھا کیوں نہ ہو۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کسی صورت بھی پاکستان کے شہریوں سے ان کا آئینی حق کسی کو نہیں چھیننے دے گی ۔ یہ جنگ پاکستان کے آئین کی بالادستی کی جنگ ہے جس کے لئے چیئرمین عمران خان نے بھی کہا ہے کہ ضرورت پڑی تو میں خود سڑکوں پر آ کر آپکا دفاع کروںگا اور انشاء اللہ یہ جنگ ہم ضرور جیتیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات