ضلعی ہیڈ کوارٹروں میں سستے بازارلگائے جائیں گے،وزیراعلیٰ بلوچستان

صوبائی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ پیکج کے ذریعے عوام کو آٹا، تیل، سبزیاں، پھل، گوشت اور دیگر اشیاء خوردونوش فراہم کی جائیں گی ،نواب ثناء اللہ خان زہری

پیر 22 مئی 2017 22:23

ضلعی ہیڈ کوارٹروں میں سستے بازارلگائے جائیں گے،وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو اشیاء خوردونوش کی سستے داموں فراہمی کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے پیکج دینے کا اعلان کرتے ہوئے محکمہ خزانہ، محکمہ صنعت، محکمہ زراعت اور محکمہ خوراک کو فوری طور پر پیکج تیار کرنے کی ہدایت کی ہے ،انہوں نے تمام ڈویژنل کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو ماہ رمضان میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوںمیں استحکام رکھنے ، سستے بازاروں کے انعقاد ، منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کاروائی کرنے جبکہ آئی جی پولیس اور انتظامیہ کو رمضان المبارک کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی ہے، وہ پیر کے روز وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں احترام رمضان سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا، صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی، چیف سیکریٹری بلوچستان اورنگزیب حق، آئی جی پولیس احسن محبوب، ڈپٹی میئر کوئٹہ محمد یونس بلوچ، متعلقہ محکموں کے سیکریٹریوں ، کمشنرکوئٹہ ڈویژن، ڈی آئی جی کوئٹہ، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ، ایس ایس پی ٹریفک پولیس اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ڈویژن اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئٹہ سمیت تمام ضلعی ہیڈ کوارٹروں میں سستے بازاروں کا انعقاد کر کے صوبائی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ پیکج کے ذریعے عوام کو آٹا، تیل، سبزیاں، پھل، گوشت اور دیگر اشیاء خوردونوش فراہم کی جائیں گی ، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سستے بازاروں کی نگرانی کر کے رعایتی نرخوں پر عوام کو ان اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے جبکہ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو اسپیشل مجسٹریٹ کے اختیارات دئیے جائیں گے جس کے ذریعے وہ موقع پر منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کاروائی کر سکیں گے، اجلاس میں اس بات کا فیصلہ بھی کیا گیا کہ ضلعی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کر کے قیمتوں میں استحکام پیدا کیا جائیگا، اجلاس میں نمازو تراویح کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کو بھرپور حفاظتی اقدامات یقنی بنانے ،جبکہ ٹریفک پولیس کو ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی، ایس ایس پی ٹریفک پولیس نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ کوئٹہ شہر میں 70سے زائد مقامات پر ٹریفک اہلکار تعینات ہونگے جو افطاری کے وقت فرائض سرانجام دیں گے ان اہلکاروں کو محکمہ کی جانب سے افطاری بھی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوامی حکومت ہونے کے ناطے عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہمارے فرائض میں شامل ہے، انہوںنے کہا کہ بدقسمتی سے رمضان المبارک کے دوران ذخیرہ اندوز اور منافع خور متحرک ہو جاتے ہیں اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کر کے عوام کے لیے مسائل پیدا کرتے ہیں تاہم انہوں نے انتباہ کیا کہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا اور ان کے خلاف بھرپور کاروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :