ْ پنجاب اسمبلی ‘ سعودی عرب میں وزیر اعظم کی کانفرنس میں شرکت کے خلاف اپوزیشن کا واک آئوٹ

اسمبلی کا ایوان ’’گونواز گو‘‘ کے نعروں سے گھونج اٹھا‘سپیکر نے احسن ریاض فتیانہ کو غیر ضروری سوال کرنے پر وارننگ جاری کردی وزیر اعظم نے بطور ایٹمی ملک پاکستان کی جگ ہنسائی کرائی ہے‘سعودی عرب میں 55ممالک کی کانفرنس کا مقصد ایران کے خلاف اتحاد ہے‘پارلیمنٹ کے فیصلے کے مطابق پاکستان کو ایران ،سعودیہ معاملے میں ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہیے‘اپوزیشن لیڈر میاں محمو دالرشید کا ایوان میں خطاب

پیر 22 مئی 2017 22:10

ْ پنجاب اسمبلی ‘ سعودی عرب میں وزیر اعظم کی کانفرنس میں شرکت کے خلاف ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2017ء) پنجاب اسمبلی میں سعودی عرب میں وزیر اعظم کی کانفرنس میں شرکت کے خلاف اپوزیشن کا واک آئوٹ‘اسمبلی کا ایوان ’’گونواز گو‘‘ کے نعروں سے گھونج اٹھا‘سپیکر نے احسن ریاض فتیانہ کو غیر ضروری سوال کرنے پر وارننگ جاری کردی جبکہ اپوزیشن لیڈر نے نقطہ اعتراض پر بات کرتے کہا وزیر اعظم نے بطور ایٹمی ملک پاکستان کی جگ ہنسائی کرائی ہے۔

سعودی عرب میں 55ممالک کی کانفرنس کا مقصد ایران کے خلاف اتحاد ہے۔پارلیمنٹ کے فیصلے کے مطابق پاکستان کو ایران ،سعودیہ معاملے میں ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہیے ‘پنجاب اسمبلی کا اجلاس دوسرے روز بھی کورم کی نذر ہو گیا۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ پانچ منٹ تاخیر سے سپیکر رانا محمد اقبال کی زیر صدارت شروع ہوا۔

(جاری ہے)

اسمبلی کے ایجنڈے پر محکمہ سپیشلائز ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے متعلق سوالات کے جواب صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے دیے۔

اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا وزیر اعظم نواز شریف نے سعودی عرب میں بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کرکے پاکستان کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی کرائی ہے۔اس کانفرنس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دہشتگردی کے خلاف بھارت کی کوششوں کو سراہا ہے جبکہ بھارت دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ملک ہے۔یہ کانفرنس کا بنیادی مقصد ایران کے خلاف اتحاد بنانا ہے ۔

جبکہ پاکستان کی پارلیمنٹ پہلے ہی فیصلہ کرچکی ہے کہ پاکستان سعودی عرب اور ایران کے معاملے میں پارٹی نہیں بنے گا۔ایسے حالات میں نواز شریف نے اس ایران مخالف کانفرنس میں شرکت کرکے پاکستان کی بدنامی کرائی ہے اور ایران سے تعلقات کو دائو پر لگا دیا ہے۔جس کے بعد اپوزیشن نے ایوان سے بائیکاٹ کردیا اور ’’گو نواز گو‘‘ کے نعرے لگاتے ایوان سے باہر نکل گئے۔

اس سے قبل وقفہ سوالات کے دوران صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے وسیم اخترکے سوال کے جواب میں کہاحکومت نے گردوں کی فروخت کرنیوالوں کے خلاف خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے جس میں سپیشل برانچ،آئی بی اور ایف آئی اے کام کررہی ہیں ۔ان ٹیموں کو کافی حد تککامیابی حاصل ہو ئی ہے۔حکومت نے گردہ فروشوں کے خلاف دس لاکھ روپے کا انعام بھی رکھا ہے۔

بائو اختر کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا سرکاری ہسپتالوں کی جو پروفیسر اپنی ڈیوٹی پوری نہیں کرتے ان کے خلاف ایکشن لیاجارہا ہے تین پروفیسر کو معطل کیا جا چکا ہے۔بعد ازراں احسن ریاض فتیانہ نے کورم کی نشاندہی کر دی کورم پورا نہ ہونے سپیکر نے پہلے پانچ منٹ پھر بیس منٹ کیلئیاجلاس ملتوی کیا لیکن حکومت کورم پورا کرنے میں ناکام رہی۔کورم پورا نہ ہونے پر سپیکر نے اجلاس آج صبح دس بجے تک ملتوی کردیا۔