حکمران سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کو ترقی اور خوشحالی کا نام دے رہے ہیں، قوموں کے عروج میں بنیادی کردار ہمیشہ تعلیم کا رہاہے، جماعت اسلامی کراچی تا خیبر تعلیمی اداروں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں کا موٹروے بنا کر آئندہ نسلوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی ، قومیں علم سے ترقی کرتی ہیں ، سیمنٹ اور سریے سے نہیں

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپنے حلقہ انتخاب ثمر باغ میں معززین سے گفتگو

پیر 22 مئی 2017 22:07

حکمران سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کو ترقی اور خوشحالی کا نام دے رہے ہیں، ..
ثمرباغ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکمران سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کو ترقی اور خوشحالی کا نام دے رہے ہیں حالانکہ قوموں کے عروج میں بنیادی کردار ہمیشہ تعلیم کا رہاہے، جماعت اسلامی کراچی تا خیبر تعلیمی اداروں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں کا موٹروے بنا کر آئندہ نسلوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی ۔

قومیں علم سے ترقی کرتی ہیں ، سیمنٹ اور سریے سے نہیں ۔ ملک میں غربت ،مہنگائی ، بے روزگاری اور بدترین لوڈشیڈنگ نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں حکمران چار سال میں اپنا کوئی ایک وعدہ بھی پورا نہیں کر سکے ۔ حکمران آئے روز پاور پلانٹس کے فیتے کاٹ رہے ہیں مگر لوڈشیڈنگ کے ہاتھوں ستائے عوام کو کوئی ریلیف نہیں مل رہا ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی قوم سے وعدہ کرتی ہے کہ سب کے لیے تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتوں کے ساتھ ساتھ عدل و انصاف ، روزگار اور چھت کی فراہمی ہمارا اصل ہدف ہو گا ۔

وہ پیر کو اپنے حلقہ انتخاب ثمر باغ دیر میں مقامی زعما اور معززین علاقہ سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے ۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم بھی موجود تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کرپشن کا خاتمہ اور کرپٹ ٹولے سے ملک و قوم کو نجات دلانا جماعت اسلامی کی اولین ترجیح ہے کیونکہ جب تک لوٹ کھسوٹ اور ظلم و جبر کا نظام رہے گا ، عام آدمی کو ریلیف نہیں ملے گا ۔

اسٹیٹس کو کے حامی کسی غریب کے بارے میں کوئی مثبت اور خیر خواہی کا سوچ بھی نہیں سکتے ۔ ان کا ہدف صرف اقتدار کے ایوانوں تک پہنچنا اور پھر قومی وسائل پر قبضہ کر کے اپنی خاندانی دولت میں اضافہ کرنا ہوتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ لٹیروں کے اس گروہ کی وجہ سے پاکستان ایک بار پہلے دولخت ہوچکا ہے اور اب ان کی نظریں باقی ماندہ پاکستان پر ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک سے کرپشن صرف جماعت اسلامی ختم کر سکتی ہے ہمارے کسی کارکن کے دامن پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں اور اس حقیقت کو پوری قوم تسلیم کرتی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ قومی و بین الاقوامی اداروں نے جماعت اسلامی کو ایک دیانتدار ، باکردار اور حقیقی جمہوری جماعت ہونے کا سر ٹیفکیٹ دیاہے ہم چاہتے ہیں کہ جس نے بھی قومی خزانے کو لوٹاہے ، وہ کٹہرے میں کھڑا ہو اور موجودہ اور سابقہ حکمرانوں سمیت سب کا احتساب ہوتاکہ لوٹی دولت واپس آسکے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پر اس وقت 73 ارب ڈالر کاقرضہ ہے جبکہ بیرونی بینکوں میں پاکستان سے لوٹے گئے پانچ کھرب ڈالر پڑے ہیں ۔ اگر یہ خطیر رقم ملک میں آ جائے تو ہم قوم کو تعلیم اور صحت کی مفت سہولتیں ، بے گھروں کو گھر اور بے روزگاروں کو بہترین روزگار دے سکتے ہیں اور پھر عوام پر کوئی ٹیکس لگانے کی ضرورت رہے گی نہ بجلی و گیس کے ہوشربا بل وصول کیے جائیں گے ۔