حکومت ہر فرد کی طبی نگہداشت اور علاج معالجہ کی سہولتوں تک رسائی کے حق کو تسلیم کرتی ہے اور یکساں ہیلتھ کوریج کیلئے حکومت نے پختہ سیاسی عزم کیا ہوا ہے

وزیر مملکت برائے قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کا جنیوا میں ورلڈ ہیلتھ اسمبلی میں دولت مشترکہ کے ممالک کے وزراء صحت سے خطاب

پیر 22 مئی 2017 22:07

حکومت ہر فرد کی طبی نگہداشت اور علاج معالجہ کی سہولتوں تک رسائی کے حق ..
اسلام آباد/جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2017ء) وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز کوآرڈی نیشن سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت ہر فرد کی طبی نگہداشت اور علاج معالجہ کی سہولتوں تک رسائی کے حق کو تسلیم کرتی ہے اور یکساں ہیلتھ کوریج کیلئے حکومت نے پختہ سیاسی عزم کیا ہوا ہے ۔ پیر کو جنیوا میں ورلڈ ہیلتھ اسمبلی میں دولت مشترکہ کے ممالک کے وزراء صحت سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2013میں اقتدار سنبھالنے کے بعد وزیراعظم نے معیاری طبی سہولتوں کی ہر ایک خصوصاً غریبوں کی فراہمی کو اعلیٰ ترین ترجیحات میں شامل کیا اور حکومت کو صحت کی سیکیورٹی کی اہمیت کا بھرپور ادراک ہے جو کہ امن اور پائیدار ترقی میں پل کا کردارادا کرتی ہے ۔

وفاقی حکومت نے ملک بھر کے غریبوں اور ناداروں کیلئے وزیراعظم کا نیشنل ہیلتھ پروگرام شروع کیا جس کا مقصد 10کروڑ عوام کو صحت کے اخراجات سے ہونے والی مفلسی اور بحرانی کیفیت سے نجات دلانا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ہیلتھ پروگرام سے اب تک ہزاروں مریض استفادہ کر چکے ہیں ۔ حکومت نے یونیورسل ہیلتھ کوریج اصلاحات کا پختہ سیاسی عزم کر رکھا ہے اور صحت کے شعبہ میں موثر طور پر مالی معاونت کو یقینی بنانے کیلئے کوششیں جاری ہیں ۔

وزیر مملکت نے کہا کہ صحت کا شعبہ صحت عامہ کو لاحق خطرات اور سانحات پر قابو پانے کی تیاریوں میں اہم کردارادا کرسکتا ہے ۔سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی جماعتوں نے حال ہی میں قومی ترقی کے ایجنڈے کے طور پر پائیدار ترقیاتی اہداف کی توثیق کی ہے اس کے علاوہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے صحت عامہ پر اخراجات بڑھا دیے ہیں اور اخراجات میں یہ اضافہ وژن 2025اور نیشنل ہیلتھ وژن 2016-17کی توثیق کرتے ہوئے کیا گیا ہے ۔ (ار)

متعلقہ عنوان :