گورنر سندھ محمد زبیر کی روٹری کلب کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے وفد سے ملاقات

عوام کو زندگی کی سہولتوں کی فراہمی ہی اصل ترقی ہے، محمد زبیر

پیر 22 مئی 2017 21:59

گورنر سندھ محمد زبیر کی روٹری کلب کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے وفد سے ملاقات
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ حکومت عوام کے شب و روز میں بہتری کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے ، ترقیاتی ثمرات کی صرف مخصوص طبقہ تک فراہمی حقیقی ترقی نہیں اس ضمن میں حکومت عوام کی بھرپور شرکت کو یقینی بنارہی ہے ، قومی سطح پر درپیش سنگین اندرونی اور بیرونی چیلنجز کے باوجود موجودہ دور میںنہ صرف ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے بلکہ اس میں مسلسل اضافہ بھی ہو رہا ہے ،عوام کو زندگی کی سہولتوں کی فراہمی اصل ترقی ہے اس کے لئے روزگار ، تعلیم ، صحت ، شہری سہولیات اور انفرااسٹرکچر کی ترقی نا گزیر ہے،وہ پیر کو گورنر ہائوس میں روٹری کلب کراچی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے وفد سے ملاقات کر رہے تھے،جس کی قیادت شہزاد صابر کر رہے تھے، سے ملاقات میں کیا،گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی ملک کا اقتصادی حب ہے جہاں عالمی معیار کی تمام ملٹی نیشنل کمپنیوں کے دفاتر کام کررہے ہیں اور شہر کی استعداد سے بھرپور فائدہ حاصل کررہے ہیں ،ضرورت کراچی کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانا ہے اس کے لئے ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ سے پاکستان تجارتی دنیا سے جڑ جائے گا تجارتی منڈیوں تک آسان رسائی کے لئے ملک اقتصادی شہ رگ ہوگا اور کراچی کو اس منصوبہ میں مرکزی اہمیت حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے ایجنڈے پر سب کو متحد ہونا ہو گا سب کو عوام کے لئے اٹھائے گئے فلاحی اقدامات میں حکومت کا ساتھ اور تعاون فراہم کرنا چاہئے اس سلسلہ میں صوبہ میں بنیادی سہولیات کے ڈھانچہ کی فراہمی میں روٹری کلب کی خدمات قابل تحسین ہیںخصوصا صحت کے شعبہ میں روٹری کلب نمایاں کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ سے پولیو کے خاتمہ میں روٹری کلب کی کاوشیں سرا ہے جانے کے لائق ہیں،روٹری کلب،عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کے تعاون سے سندھ پولیو سے پاک صوبہ بننے کے قریب ہے۔وفد کے سربراہ شہزاد صابر نے گورنر سندھ کو صحت اور تعلیم کے شعبوں میں روٹری کلب کے منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سے پولیو کے مکمل خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لئے بھرپور کاوشیں کی جارہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :