بین الاقوامی بزنس سیمینار میں بھی’’ شہباز سپیڈ‘‘ کی گونج

شہبازشریف کا کلیدی و متاثرکن خطاب،سرمایہ کاروں کے دل موہ لئے

پیر 22 مئی 2017 20:50

بین الاقوامی بزنس سیمینار میں بھی’’ شہباز سپیڈ‘‘ کی گونج
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کے حوالے سے منعقدہ دوسرے بین الاقوامی سیمینار کے افتتاحی سیشن سے اپنے کلیدی خطاب میں پاکستان میں ماضی میں ہونے والے معاہدوں پرعملدرآمد نہ ہونے پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پہلے صرف معاہدے ہوتے تھے اور ان پر عملدرآمد کئی کئی برس تک لٹکا رہتا تھا تا ہم وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت نے انتہائی تیز رفتاری اور شفافیت کے ساتھ منصوبوں کو مکمل کیا ہے اور پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں دیکھتی آنکھوں نے ایسا منظر نہیں دیکھایہی وجہ ہے کہ آج کئی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں اور بین الاقوامی ادارے بھی پاکستان میں شفافیت کی گواہی دے رہے ہیں - وزیر اعلی نے ماضی او رحال کی حکومتوںکی ترقی کے سفرکے موازنے کے تاریخی پس منظر اور پیش منظر کو مدلل انداز میں بیان کیا ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے گزشتہ چار برس کے دوران وزیراعظم محمدنوازشریف کی قیادت میں ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے کیے جانیوالے اقدامات پر بھی بھر پور اندازمیں روشنی ڈالی۔وزیراعلیٰ نے غیر ملکی و ملکی سرمایہ کاروں پر زوردیا کہ وہ آگے آئیں اور یہاںسرمایہ کاری کریں ۔حکومت انہیں ہر ممکن تحفظ کرے گی۔سیمینار میں شریک غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ ملکی سرمایہ کا روں نے وزیراعلیٰ کی متاثر کن تقریر کو ایک مدبر کاخطاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ نے انتہائی بہترین انداز میںخطاب کیا ہے اوران کی تقریر کے ایک ایک لفظ نے دل کوچھو لیا ہے۔

سرمایہ کاروں نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی تقریر پرانہیں دل کھول کر داد دی اورانہیں بھر پور انداز میں خراج تحسین پیش کیا ۔سیمینار میں ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والی چین کی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سانگ تاجی نے ’’شہباز سپیڈ‘‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 1320 میگا واٹ کے اس منصوبے کو ریکارڈ سپیڈ کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے اور آج یہ منصوبہ 660 میگاواٹ بجلی فراہم کر رہا ہے -