کراچی، سی پیک سے پاکستان عالمی تجارتی منڈیوں تک با آسانی پہنچ پائے گا،محمدز بیر

ملک میں امن و امان کے قیام سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،گورنر سندھ

پیر 22 مئی 2017 21:41

کراچی، سی پیک سے پاکستان عالمی تجارتی منڈیوں تک با آسانی پہنچ پائے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2017ء) گورنر سندھ محمدز بیر نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ معاشی خوشحالی کے ساتھ ساتھ عالمی منڈیوں تک رسائی کا محفوظ اور سہل رستہ ثابت ہوگا جس سے پاکستان عالمی تجارتی منڈیوں تک با آسانی پہنچ پائے گا، سی پیک پاکستان کو اقتصادی و معاشی خوشحالی کے راستہ پر گامزن کرنے کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دس برس پاکستان کے سنہری برس ثابت ہونگے ،ملک میں امن و امان کا قیام ، معاشی و اقتصادی خوشحالی ، سماجی اور ادبی سرگرمیوں میں اضافہ سے غیر ملکی سرمایہ کاری نہ صرف بہت بڑھ گئیں ہیں بلکہ اس میں مسلسل اضافہ بھی ہو رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج سے تین برس قبل کراچی کے ہوٹلز خالی پڑے تھے آج صورتحال یہ ہے کہ ہوٹلوں میں جگہ مشکل سے ملتی ہے جو اس بات کا مظہر ہے کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے سے غیر عمائدین ، سرمایہ کاری وفود اور شہریوں کی آمد بہت بڑھتی گئی ہے جو شہر کے اچھے اور معیاری ہو ٹلوں میں قیام کو ترجیح دیتے ہیں اس ضمن میں ہو سپٹیلٹی انڈسٹری بھی فعال ہو رہی ہے، صوبہ میں میڈیکل ، انجینئرنگ ، بزنس اور دیگر شعبہ جات کے ادارے قائم ہیں لیکن ہو سپٹیلٹی انڈسٹری کے لئے کوئی ادارہ نہیں تھا لیکن آج اس کے متعدد ادارے فعال ہورہے ہیں جن میں اسکل اسٹن Skill Ston سرفہرست ادارہ بن گیا ہے جہاں کے گریجویٹس کو ہو سپٹیلٹی کے ہر شعبہ میں فوری اور مطلوبہ ملازمتیں با آسانی مل رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالا ت کا اظہا ر انہوں نے گورنر ہائوس میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کلنری آرٹ اینڈ ہو ٹل منیجمنٹ (National Institution of art and Hotel Managment)2017 کے کانووکیشن سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل NAVTTC عبد الرحیم شیخ اور اسکل اسٹن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر افضال احمد صدیقی سمیت دیگر اعلیٰ حکام اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک تھی ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سی پیک منصوبہ میں توانائی کے منصوبوں کے لئے 32 ارب ڈالرز مختص کئے گئے ہیں جن سے نہ صرف ملک کی توانائی کی ضروریات بلکہ زائد بجلی کا حصول بھی ممکن ہو گا ،معاشی خوشحالی کے منصوبہ میں انفرااسٹرکچر کی ترقی پر 46 ارب ڈالرز خرچ ہو رہے ہیں جس میں مزید اضافہ ممکن ہے دیگر ممالک کی شرکت سے راہداری منصوبہ میں اقتصادی و معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کے قیام سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ سے خطہ میں غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ یقینی ہے ، معاشی سرگرمیوں میں اضافہ سے زبر دست خوشحالی سے سماجی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت وفاق ہی نہیں بلکہ چاروں صوبوں کی یکساں ترقی چاہتی ہے با الخصوص کم ترقی یافتہ علاقوں میں ترقیاتی کاموں میں تیزی سے باقی ملک کے برابر لانے کے مشن پر گامزن بھی ہے ،ترقیاتی منصوبہ بندی میں لوگوں کی بنیادی سہولیات کو مرکزی اہمیت دی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اسکل اسٹن ادارہ میں معیاری گریجویٹس تیار کئے جا رہے ہیں تاکہ ہو سپٹلٹی کے شعبہ کو مزید فعال کیا جا سکے اس ضمن میں ادارہ کے اقدامات قابل تحسین ہیں ۔ تقریب سے خطاب میں اسکل اسٹن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر افضال احمد صدیقی نے گورنر سندھ کو ادارہ کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ۔ تقریب میں گورنر سندھ نے کامیاب گریجویٹس میں اسناد تقسیم کیں ۔#