کراچی ،سندھ کے 85 فیصد لوگ گندا پانی جبکہ کراچی کے شہری غیر فلٹر شدہ پانی پی رہے ہیں ،وسیم اختر

کراچی میں چینی کمپنی کے اشتراک سے کچرا اٹھانے کا تجربہ ناکام رہا ہے،میئرکراچی

پیر 22 مئی 2017 21:41

کراچی ،سندھ کے 85 فیصد لوگ گندا پانی جبکہ کراچی کے شہری غیر فلٹر شدہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2017ء) میئرکراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سندھ کے 85 فیصد لوگ گندا پانی جبکہ کراچی کے شہری غیر فلٹر شدہ پانی پی رہے ہیں جس کے باعث کراچی میں بیماریاں پھیل رہی ہیں ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور اس کی ورکنگ ناکام ہوگئی ہے، صفائی ستھرائی کو سنجیدہ لینا ہوگا، جو رقم چینی کمپنی کو کچرا اٹھانے اور صفائی ستھرائی کی مد میں ادا کی گئی ہے اس سے آدھے پیسوں میں کراچی کے مقامی لوگ یہ کام باآسانی کرسکتے ہیں، کراچی کے دونوں اضلاع میں چینی کمپنی کے اشتراک سے کچرا اٹھانے کا تجربہ بری طرح سے ناکام رہا ہے ، کے ۔

(جاری ہے)

الیکٹرک کو لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کو ختم کرنی ہوگی، ہم اس کے لئے بھرپور احتجاج کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے یہ شہریوں کے ساتھ ظلم ہے ، کراچی میں مقامی سطح پر ٹیلنٹ کو ابھرنے کا موقع فراہم کرنے کے لئے کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا ضروری ہے، یہ بات انہوں نے انو بھائی پارک ناظم آباد میں کرکٹ پویلین اور انڈور گیمز ہال کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن سینٹرل کے چیئرمین ریحان ہاشمی، وائس چیئرمین سید شاکر علی، کے ایم سی کونسل کی MUCT کمیٹی کے چیئرمین راحت حسین صدیقی، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز شہاب انور اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، انہوں نے کہا کہ یہ وہ پارک ہے جس کا نام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھا تھا ، انور حسین اسپورٹس رپورٹر تھے جب بھٹو صاحب ان کے گھر آئے تو انہوں نے ہدایت دی کہ اس جگہ کا نام انور حسین کے نام پر رکھا جائے، ہم بھٹو صاحب کے کام کو آگے بڑھا رہے ہیں لیکن حکومت سندھ اس جگہ کو بھی ترقی نہیں دینا چاہتی، انہوں نے کہا کہ یہاں پر ایک طویل عرصے سے کرکٹ کے فروغ کے لئے پویلین کی ضرورت تھی جسے محدود وسائل کے باوجود پورا کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ وہ معروف کرکٹر شاہد آفریدی سے بھی درخواست کریں گے کہ انو بھائی پارک میں بھی نئے لڑکوں کو کرکٹ کی ٹریننگ دیں اور اس پویلین کا افتتاح بھی وہ خود کریں انہوں نے کہا کہ تقریب میں انڈر 14 ورلڈ کپ کھیلنے والے کرکٹر بھی موجود ہیں جن میں کاشان فہیم سرفہرست ہیں انہوں نے کہا کہ اس کرکٹ پویلین کے قیام سے اور بھی لڑکے کرکٹ کی دنیا میں متعارف ہوں گے اور پوری دنیا میں اپنا اور ملک و قوم کا نام روشن کریں گے ہم کراچی کو بہتر کرنا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ عدالت عالیہ کا یہ واضح فیصلہ ہے کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو ختم کرکے اس کا کام بلدیہ کے حوالے کیا جائے ، میں نے حکومت سندھ کو تین دن کا نوٹس بھیجا تھا کہ وہ یہ کام بلدیہ کے سپرد کرے لیکن اب تک ایسا نہیں ہواایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران کو ہٹانے سے متعلق لوکل گورنمنٹ کا حکم نامہ غیرقانونی ہے ، حکومت سندھ کو اگر کسی افسر کو اس کے عہدے سے ہٹانا ہے یا معطل کرنا ہے تو میئر کراچی کو سفارش کی جاسکتی ہے انہوں نے کہا کہ کراچی میں پہلے سے جمع شدہ کچرا ہی صاف نہیں ہوسکا تو روزانہ کی بنیاد پر جمع ہونے والا کچرا کیسے صاف ہوگا، کراچی میں وہ لوگ کام کرنا چاہتے ہیں جو نہ یہاں سے منتخب ہیں اور نہ ہی کراچی کے خدوخال سے واقف ہیں اس لئے وہ کراچی کے بنیادی اور اہم مسائل سے ناواقف ہیں ، موجودہ منتخب بلدیاتی قیادت کراچی کو جانتی ہے اور اس سے پہلے بھی کراچی کے مسائل کو حل کرچکی ہے ، آٹھ سالوں میں کراچی میں بہت کچھ ہوسکتا تھا،سندھ کا بہت برا حال ہے، میئر کراچی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ اس علاقے میں شہریوں کی دیرینہ خواہش کے پیش نظر سوئمنگ پول اور جمنازیم بھی بنائے جائیں گے، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز شہاب انور نے بتایا کہ پروجیکٹ کا فیزI- جس کی تخمینی لاگت 19.983 ملین روپے ہے، کمرہ نشست، ڈائننگ روم، آفس، لابی، بیٹھنے کی جگہ، بیت الخلاء، زیر زمین ٹینک، فراہمی و نکاسی آب کے نظام سمیت مختلف کاموں پر مشتمل ہے جبکہ پروجیکٹ کا دوسرا فیز ان ڈور کرکٹ ہال بشمول پچ، برآمدہ اور دیگر سہولیات کی تعمیر پر مشتمل ہے جسے 19.985 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :