وزیر اعظم کے تعلیمی اصلا حات پروگرام سے وفا قی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں کے طلباء بڑی تعداد میں مستفید ہو رہے ہیں، شیخ انصر عزیز

پیر 22 مئی 2017 21:36

وزیر اعظم کے تعلیمی اصلا حات پروگرام سے وفا قی دارالحکومت کے تعلیمی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء)مئیر اسلام آباد و چیئر مین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے تعلیمی اصلا حات پروگرام سے پورے ملک با لخصوص وفا قی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں کے طلباء بڑی تعداد میں مستفید ہو رہے ہیں ،ْ وزیر اعظم کی خصوصی دلچسپی کی وجہ سے تمام سر کاری تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم بلند ہوا ہے جبکہ اسلام آباد کے سکولوں کو 200بسیں فراہم کئے جانے سے طلباء کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملی ہے۔

اس پروگرام کے تحت میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کی خصوصی درخواست پر وزیرِ اعظم نے سی ڈی اے ماڈل سکول کے لیے دو بسیں دینے کا اعلان کیا۔ جن میں سے ایک بس آج سی ڈی اے ماڈل سکول کی انتظامیہ کے حوالے کی جا رہی ہے اور بہت جلد دوسری بس بھی طلباء کی سہولت کے لیے فراہم کر دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ڈی اے ماڈل سکو ل کی انتظامیہ کو طلباء کی سفری سہولت کے لیے فراہم کی گئی بس سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں سکول کے بچوں ،اساتذہ اور پرنسپل نے شرکت کی۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ ملکی ترقی کا رازمعاشرے میں یکساں تعلیمی معیار میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے پورے ملک اور بالخصوص وفاقی دارالحکومت اسلام آبادکے سرکاری تعلیمی اداروں کو پرائیویٹ تعلیمی اداروںکے مساوی جدید سہولیات اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں جن کے تحت وفاقی دارالحکومت کے تمام تعلیمی اداروں میں نہ صرف مزید سہولیات کا اضا فہ کیا جارہا ہے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاکر تعلیمی معیار کو بھی پرائیویٹ اورجدید تعلیمی اداروں کے ہم آہنگ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے ماڈل سکول کو اپ گریڈ کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں جن کے تحت اضافی کمروں کی تعمیر کے علاوہ اساتذہ اور طلباء کے لیے مزید سہولیات کی فراہمی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے مالی سال میں سی ڈی اے ماڈل سکول میں اضافی کمروں کے تعمیراتی کام کے لیے خاطر خواہ فنڈز بھی مختص کئے جا رہے ہیں تاکہ بچوں کو کلاس رومز کی کمی کا جو سامنا ہے اُسے ختم کیا جاسکے۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے بچوں کے ہمراہ بس کا سفر بھی کیا اور بچوں کو تلقین کی کہ وہ دل لگا کر پڑھیں تاکہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں اور ملک کے بہترین شہری بن کر ادارے اور سکول کا نام روشن کریں۔ اس موقع پر سکو ل کی پرنسپل نے میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کی طرف سے سکول کی اپ گریڈیشن کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بچوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی میں بڑی مدد ملی ہے۔