اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن دیکھنے کا خواہش مند ہوں ،ْڈونلڈ ٹرمپ

دونوں ممالک کے درمیان تنازع کو حل کرنے اور خطے میں امن و استحکام لانے کا نادرموقع ہے ،ْ میڈیا سے گفتگو

پیر 22 مئی 2017 21:36

اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن دیکھنے کا خواہش مند ہوں ،ْڈونلڈ ٹرمپ
تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن دیکھنے کا خواہش مند ہوں ،ْ دونوں ممالک کے درمیان تنازع کو حل کرنے اور خطے میں امن و استحکام لانے کا نادرموقع ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے پہلے غیر ملکی دورے میں سعودی عرب میں 2 دن گزارنے کے بعد اسرائیل پہنچے جہاں اسرائیلی صدر اور وزیراعظم نے تل ابیب ایئر پورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر ایئرپورٹ پر صحافیوں سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ اسرائیل سے محبت ہے اوراس کا احترام کرتے ہیں، امریکا اور اسرائیل دونوں کو ایک ہی طرح کے مسائل درپیش ہیں اور ایران کو ایٹمی ہتھیار بنانے سے روکنے پر بھی دونوں ممالک کا ایک ہی موقف ہے جب کہ اسرائیل اور امریکا مل کر اپنے خواب پورے کریں گے۔

(جاری ہے)

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن دیکھنے کا خواہش مند ہوں جب کہ دونوں ممالک کے درمیان تنازع کو حل کرنے اور خطے میں امن اوراستحکام لانے کا نادرموقع ہے، ہم مل کرکام کریں گے تو ہی خطے میں خوشحالی، استحکام اورامن آئے گا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ امریکا اور اسرائیل ہم آہنگی اور پر امن طریقے سے مل کر چل سکتے ہیں کیوں کہ ہمیں مل کر ہی دہشت گردی کو شکست دینی ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ وہ اس بات کو ترجیح دیں گے کہ اسرائیل اورفلسطین براہ راست مذاکرات کے ذریعے باہمی رضامندی سے تمام مسائل کو حل کریں کیوں کہ اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نے امریکی صدر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کا اسرائیل کا یہ تاریخی دورہ ہے۔