ہماری حکومت ہر فرد کی صحت کی سہولیات تک رسائی پر یقین رکھتی ہے ،ْسائرہ افضل تارڑ

پیر 22 مئی 2017 21:36

ہماری حکومت ہر فرد کی صحت کی سہولیات تک رسائی پر یقین رکھتی ہے ،ْسائرہ ..
جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء)وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ ہماری حکومت ہر فرد کی صحت کی سہولیات تک رسائی پر یقین رکھتی ہے اور یونیورسل ہیلتھ کوریج کیلئے بھرپور سیاسی عزم موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنیوا میں ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کے موقع پر دولت مشترکہ کے وزراء صحت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ 2013ء میں اقتدار میں آنے کے بعد وزیراعظم محمد نواز شریف نے تمام شہریوں بالخصوص غریب ترین لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے خصوصی ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہیلتھ سیکورٹی کا اعتراف کرتا ہے کیونکہ اس کی حیثیت امن اور استحکام کی طرف ایک پل کے کردار کی طرح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ملک بھر میں 100 ملین آبادی کو صحت کی معیاری سہولیات پہنچانے کیلئے وزیراعظم کا قومی صحت پروگرام شروع کیا ہے اور اس پروگرام سے پورے ملک کے ہزاروں کی تعداد میں مریضوں نے استفادہ کیا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج اصلاحات کیلئے بھرپور عزم کے ساتھ حکومت پاکستان نے اقدامات شروع کر رکھے ہیں۔