عالمی امن کو متاثر کرنے والی دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کیلئے اسلامی ممالک کے مابین معاہدہ کی ضرورت ہے ،ْ وزیر اعظم

پیر 22 مئی 2017 21:33

عالمی امن کو متاثر کرنے والی دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کیلئے اسلامی ..
مدینہ منورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء)وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عالمی امن کو متاثر کرنے والی دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کیلئے اسلامی ممالک کے مابین معاہدہ کی ضرورت ہے ،ْ افغانستان کو بھی دہشت گردی کے خلاف مؤثر انداز میں نبرد آزما ہونا چاہئے ،ْ ریاض کانفرنس دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے سلسلے میں اچھا قدم ہے ،ْ اس کے اغراض و مقاصد مثبت ہیں جس کے باعث انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف اچھے نتائج سامنے آئیں گے پیر کو صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی بناء پر تقریباً 120 ارب ڈالر سے زائد کے مالی نقصان اور ہزاروں قیمتی جانوں کے ضیاع کے ساتھ بھاری نقصان اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح مغربی دنیا دہشت گردی کے خلاف صف آراء ہو رہی ہے اسی طرح دہشت گردی کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے مسلم امہ کو بھی متحد ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف مؤثر انداز میں نبرد آزما ہوتے ہوئے بہت حد تک اس لعنت کی روک تھام کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کو بھی دہشت گردی کے خلاف مؤثر انداز میں نبرد آزما ہونا چاہئے۔ سمٹ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنی بات چیت سے متعلق سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ ’’یہ ایک اچھی میٹنگ تھی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے دوران انہوں نے دیگر رہنمائوں کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا۔