خورشید شاہ ملکی پارلیمانی تاریخ کا مصلحتوں زدہ اپوزیشن لیڈر ، دوسروں پر انگلی اٹھانے سے پہلی100مرتبہ سوچے ،

وہ بے سروپا، بے مقصد اور تہذیب سے گرے بیانات کی بجائے اپنے حال و ماضی پر نظر ڈالیں، ایک ایسی شخصیت جو اپنے دورِ اقتدار کی کارستانیوں کی وجہ سے نیب زدہ ہو، جسکی ایک عام یوٹیلیٹی ورکر سے وفاقی وزیر تک اٹھان اور ترقی پر ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہو ، ا س کی مالی شان بان کا تجزیہ نیب ریفرنس میں شامل ہو وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے ترجمان کا خورشید شاہ کے بیان پر ردعمل کا اظہار

پیر 22 مئی 2017 22:59

خورشید شاہ ملکی پارلیمانی تاریخ کا مصلحتوں زدہ اپوزیشن لیڈر ، دوسروں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2017ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے ترجمان نے کہا ہے کہ خورشید شاہ بے سروپا، بے مقصد اور تہذیب سے گرے ہوئے بیانات کی بجائے اپنے حال اور ماضی پر نظر ضرور ڈالیں، ایک ایسی شخصیت جو اپنے دورِ اقتدار کی کارستانیوں کی وجہ سے نیب زدہ ہو، جسکی ایک عام یوٹیلیٹی ورکر سے وفاقی وزیر تک اٹھان اور ترقی پر ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہو ، جسکی مالی شان بان کا تجزیہ نیب ریفرنس میں شامل ہو اور جو پاکستان کی پارلیمانی تاریخ کا مصلحتوں زدہ (کمپرومائزڈ) اپوزیشن لیڈر ہوں انہیںدوسروں پر انگلی اٹھانے سے پہلے سو دفعہ سوچنا چاہیے۔

پیر کو وزیر داخلہ کے ترجمان نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے جن کی اپنی کارکردگی صفر ہے وہ وزیرِ داخلہ پر تنقید کرکے اپنا قد کاٹھ بڑھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ اپنے دور ِ اقتدار میں مالی اور انتظامی بے ضابطگیوں کی نت نئی داستانیں رقم کرنے والے اور نااہلیوں کی عظیم الشان مثالیں قائم کرنے والے چیخ و پکار گروپ نے کیوں وزیر داخلہ پر تنقید اپنا وطیرہ بنا لیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ایسے لوگ کسی اور کو ہدفِ تنقید بنانے کی بجائے اپنی کارکردگی کا تجزیہ کریں جس کی وجہ سے انہوں نے نہ صرف پاکستان کو اس مقام پر پہنچایا بلکہ جس کے طفیل انکی پارٹی کو یہ دن دیکھنا پڑے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ اپنی کارکردگی اور اپنے ماضی کو یکسر فراموش کر نے والوں کی وزیرِ داخلہ پر تنقید سے نہ تو حقائق مسخ ہو سکتے ہیں اور نہ ہی عوام الناس کو گمراہ کیا جا سکتا ہے۔ (رڈ)