کل بھوشن کو انجام تک پہنچانے کا وزیر داخلہ کے بیان کو سراہتے ہیں،عمل درآمد کیاجائے‘میاں مقصود احمد

عالمی عدالت اس وقت کہاں تھی جب بنگلہ دیش میں بزرگ رہنمائوں کو پھانسیاں دی گئیں ‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

پیر 22 مئی 2017 22:54

کل بھوشن کو انجام تک پہنچانے کا وزیر داخلہ کے بیان کو سراہتے ہیں،عمل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصو د احمد نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے اس بیان کہ’’بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو کومنطقی انجام تک پہنچایاجائے گا‘‘کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہاہے کہ کل بھوشن بھارتی جاسوس ہے جوکہ رنگے ہاتھوں پکڑاگیا۔اسے پاکستان کے آئین و قانون کے مطابق جلدازجلدکیفرکردار تک پہنچایاجانا چاہئے۔

عالمی عدالت کی جانب سے ہندوستانی جاسوس کی سزئے اموت کوتاحکم ثانی کالعدم قراردینا درحقیقت پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے ساتھ کھیلنے والوں کوتحفظ فراہم کرنے کی ایک مذموم کوشش ہے۔انہوں نے کہاکہ عالمی عدالت،اقوام متحدہ،یورپی یونین اور انسانیت کی بات کرنے والی نام نہاداین جی اوزکو کشمیر میں بھارتی مظالم نظرکیوں نہیں آتے۔

(جاری ہے)

برما،فلسطین،عراق،افغانستان اور شام میں لاکھوں مسلمانوں کولقمہ اجل بنادیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش میں سترستر برس کے بزرگوں کو پاکستان سے محبت،وفاداری اور حمایت کے جرم کی پاداش میں پھانسیاں دے دی گئیں۔اس وقت عالمی عدالت کہاں تھی ۔کل بھوشن کے حوالے سے فیصلہ سازی کااختیارصرف اور صرف پاکستان کو حاصل ہے۔وقت کاتقاضا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور بقاء کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے۔جاسوسوں کو نہ تو قونصلر رسائی فراہم کی جاتی ہے اور نہ ہی ان پر جنیواء قانون کااطلاق ہوتا ہے۔

ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی مظالم، بربریت اور سفاکی کی انتہاکردی ہے۔اپنی سات لاکھ فوج کے ذریعے وہ ایک لاکھ سے زائد نہتے کشمیریوں کو شہید،ہزاروں خواتین کی بے حرمتی اور بچوں کو یتیم بناچکا ہے۔ماورائے عدالت لوگوں کواٹھااٹھاکر عقوبت خانوں میں ڈالاجارہا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو بھرپورانداز میں عالمی عدالت میں اٹھائے۔اب وقت آگیا ہے کہ ہندوستان سے دوستی کے خواب دیکھنے والے ملک وقوم کے مفادات کوملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ہندوستان کو اس کی ہی زبان میں جواب دیں۔