خورشید شاہ بے سروپا، بے مقصد اور تہذیب سے گرے ہوئے بیانات کی بجائے اپنے حال اور ماضی پر نظر ڈالیں،وزارت داخلہ

بدقسمتی سے جن کی اپنی کارکردگی صفر ہے وہ وزیرِ داخلہ پر تنقید کرکے اپنا قد کاٹھ بڑھا رہے ہیں،ترجمان خورشید شاہ کے بیان پر ردعمل

پیر 22 مئی 2017 22:52

خورشید شاہ بے سروپا، بے مقصد اور تہذیب سے گرے ہوئے بیانات کی بجائے اپنے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء) ترجمان وزیرِ داخلہ نے خورشید شاہ کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خورشید شاہ بے سروپا، بے مقصد اور تہذیب سے گرے ہوئے بیانات کی بجائے اپنے حال اور ماضی پر نظر ضرور ڈالیں۔ ایک ایسی شخصیت جو اپنے دورِ اقتدار کی کارستانیوں کی وجہ سے نیب زدہ ہو، جسکی ایک عام یوٹیلیٹی ورکر سے وفاقی وزیر تک اٹھان اور ترقی پر ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہو ، جسکی مالی شان بان کا تجزیہ نیب ریفرنس میں شامل ہو اور جو پاکستان کی پارلیمانی تاریخ کا مصلحتوں زدہ (کمپرومائزڈ) اپوزیشن لیڈر ہوں انہیںدوسروں پر انگلی اٹھانے سے پہلے سو دفعہ سوچنا چاہیے۔

بدقسمتی سے جن کی اپنی کارکردگی صفر ہے وہ وزیرِ داخلہ پر تنقید کرکے اپنا قد کاٹھ بڑھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ اپنے دور ِ اقتدار میں مالی اور انتظامی بے ضابطگیوں کی نت نئی داستانیں رقم کرنے والے اور نااہلیوں کی عظیم الشان مثالیں قائم کرنے والے چیخ و پکار گروپ نے کیوں وزیرِ داخلہ پر تنقید اپنا وطیرہ بنا لیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ایسے لوگ کسی اور کو ہدفِ تنقید بنانے کی بجائے اپنی کارکردگی کا تجزیہ کریں جس کی وجہ سے انہوں نے نہ صرف پاکستان کو اس مقام پر پہنچایا بلکہ جس کے طفیل انکی پارٹی کو یہ دن دیکھنا پڑے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ اپنی کارکردگی اور اپنے ماضی کو یکسر فراموش کر نے والوں کی وزیرِ داخلہ پر تنقید سے نہ تو حقائق مسخ ہو سکتے ہیں اور نہ ہی عوام الناس کو گمراہ کیا جا سکتا ہے۔