مریدکے، دھان پاکستان کی اہم نقد آور فصل ہے تاہم اس کی فی ایکڑ اوسط پیداوار بہت کم ہے،ڈاکٹرمحمد اختر

اِس میں اِضافہ کر کے کاشتکار آمدن میں اِضافہ اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں،ڈائریکٹر دھان

پیر 22 مئی 2017 22:46

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2017ء) ڈائریکٹر تحقیقاتی اِدارہ دھان، کالا شاہ کاکوڈاکٹرمحمد اخترنے کہا ہے کہ دھان پاکستان کی اہم نقد آور فصل ہے۔ گندم کے بعد خوردنی اجناس میں دھان کی فصل سب سے زیادہ رقبہ پر کاشت کی جارہی ہے، پاکستان میںدھان کی فی ایکڑ اوسط پیداوار 34 من ہے جودیگر ممالک کی نسبت بہت کم ہے۔ اِس میں اِضافہ کر کے ہمارے کاشتکار اپنی آمدن میں اِضافہ اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اِن خیالات انہوں نے دھان کی منافع بخش کاشت کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فوجی فرٹلائیزر کمپنی لاہور ریجن کے زیراہتمام سیمینار کے اِنعقادکے موقع پر انہوں نے کہا کہ کاشتکار زرعی ماہرین کی سفارشات پر عمل کریں تا کہ وہ کم اخراجات میں ذیادہ منافع حاصل کر سکیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرمحمد اخترنے کہا کہ ا دارہ نے دھان کی تین نئی اقسام کسان باسمتی، پنجاب باسمتی اور چناب باسمتی تیار کر کے کاشتکاروں کو فراہم کی ہیں، کاشتکارجدید پیداواری ٹیکنالوجی اپنا کر دھان کی پیداوار میں اِضافہ کریں ۔

ریجنل مینجرایف ایف سی نعیم اختر* نے کہا کہ سالانہ7 3 لاکھ ٹن سے زائد معیاری کھادیں 3600 سے زاید ڈیلرز کے ذریعے زمینداروں تک پہنچائی جاتی ہیں کاشتکار کھادیں صرف مقرر کردہ ڈیلرز سے خریدیں تاکہ کسی بھی قسم کے دھوکہ سے بچا جا سکے ۔انہوںنے مزید کہا کہ زمینداروں کی رہنمائی و تربیت کا ایک جامع پروگرام بھی جاری ہے جس کے تحت پانچ فارم ایڈوائزری سینٹر زاور 13ریجنل دفاتر میں تعینا ت زرعی ماہر ین مختلف سرگرمیوں کے ذریعے کاشتکاروں کی عملی راہنمائی کر رہے ہیں ۔

اسی حوالے سے منعقدہ سیمینار میں دھان کی زیادہ پیداوار لینے کے لیے مختلف کاشتی امور پر تفصیلی خطاب کیاگیا ۔ سیمینار میں بتایا گیاکہ سفارش کردہ اِقسام سُپر باسمتی، باسمتی 515، باسمتی 2000، باسمتی پاک یعنی کرنل باسمتی ، باسمتی 370 ، شاہین باسمتی، باسمتی385 اور باسمتی198 کاصحت مند بیج استعمال کریں ۔ پنیری کی کاشت کے لئے ہمیشہ تندرست ، صاف ستھرا بیماریوں سے پاک ، تصدیق شدہ اور 80فیصد سے زائد اگائو والا بیج ہی استعمال کریں۔سیمینار میں پریس کلب مریدکے کے صدر سید قاسم علی شاہ، چیئر مین سپریم کونسل سجاد شیرازی، سیکرٹری سعادت علی اور چیئر مین عبد المجید چوہان سمیت مختلف شعبہ سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :