سرکاری ملازمین کی بے چینی کو ختم کرنے کے لئے 2010کے ایڈہاک ریلیف کو بنیادی تنخواہ میں ضم کیا جائی,حاجی محمد ارشاد

مطالبات نہ مانے گئے تو 25مئی کو اسلام آبا د میں احتجاجی دھرنا دیں گے،صدر آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن پنجاب

پیر 22 مئی 2017 22:46

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2017ء) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر حاجی محمد ارشاد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری ملازمین کی بے چینی کو ختم کرنے کے لئے 2010کے ایڈہاک ریلیف کو بنیادی تنخواہ میں ضم کیا جائے، ہاؤس رینٹ، میڈیکل الاؤنس میں فوری اضافہ کیا جائے اور تنخواہوں میں مہنگائی کی نسبت سے اضافہ کیا جائے ورنہ لاکھوں سرکاری ملازمین 25مئی کو اسلام آبا د میں احتجاجی دھرنا دیں گے۔

ایپکا مریدکے کے شہید ملازمین کی ساتویں برسی کے موقع پر ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سربراہ نے کہا کہ سرکاری ملازمین حکومتی مشینری کو چلانے کے لیے اہم پرزے کا کردار ادا کرتے ہیں مگر حکومت انہیں مسلسل فراموش کرکے ملازمین کے خاندانوں کو اذیت میں مبتلا رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

جناح ہال مریدکے میں منعقد کی جانے والی اس تقریب میں مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی رانا افضال حسین نے چیئر مین بلدیہ شیخ شبیرا حمد، وائس چیئر مین رانا ماجد نواز،پولیٹیککل سیکرٹری سید اعجاز الحسن شیرازی کے ہمراہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔

رانا افضال حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری حکومت سرکاری ملازمین مسائل حل کر رہی ہے اور آئندہ بجٹ میں بھی ملکی وسائل کے مطابق انہیں بھر پور ریلیف دیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ ملازمین کے مطالبات کی منظوری کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ ایپکا مریدکے کے صدر رانا عرفان علی اور جنرل سیکرٹری مقصود احمد اصلاحی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کے پاس سرکاری ملازمین کے چارٹر آ ف ڈیمانڈ کو منظور کرکے تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف میں لکھوانے کا موقع موجود ہے۔

انہوںنے کہا کہ حکومت ہمارے جائز مطالبات منظور کرکے لاکھوں ملازمین کے دل جیت سکتی ہے۔ برسی میں وارث ہنجرا، محمد لطیف سپراء، محمد نواز، محمد فیاض گجر،سعادت علی سمیت مختلف محکموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :