وفاقی حکومت کے پاس فاٹا اصلاحات کے نفاذ میں مزید تاخیر کا کوئی جواز نہیں، حکومت اپنے اتحادیوں کی خاطر فاٹا کے کروڑوں عوام کے جذبات سے کھیل رہی ہے،چند مفاد پرستوں کی خاطر فاٹا کے عوام کا استحصال بند کیا جائے،فاٹا سیاسی اتحاد 23مئی کو فاٹا اصلاحات کے نفاذ میں مزید تاخیر کے خلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرے گی

امیر جماعت اسلامی فاٹا و صدر فاٹا سیاسی اتحاد سردار خان کا بیان

پیر 22 مئی 2017 23:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2017ء) امیر جماعت اسلامی فاٹا و صدر فاٹا سیاسی اتحاد سردار خان نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس کوئی فاٹا اصلاحات کے نفاذ میں مزید تاخیر کا کوئی جواز نہیں۔ حکومت اپنے اتحادیوں کی خاطر فاٹا کے کروڑوں عوام کے جذبات سے کھیل رہی ہے۔چند مفاد پرستوں کی خاطر فاٹا کے عوام کا استحصال بند کیا جائے۔قبائلی عوام اصلاحات کے منتظر ہیں، وفاقی حکومت اصلاحات کے نفاذ میں دیر نہ کرے۔

فاٹا سیاسی اتحاد 23مئی کو فاٹا اصلاحات کے نفاذ میں مزید تاخیر کے خلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔ مظاہرے میں اتحاد میں شامل فاٹا کی تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما اور کارکن شریک ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکزالاسلامی پشاور سے جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

سردار خان نے کہا کہ حکومت نے فاٹا اصلاحات موخر کرکے جمہوریت کے ساتھ مذاق کررہی ہے۔

قبائلی عوام اصلاحات کا فوری اور مؤثر نفاذ چاہتے ہیں۔ جو لوگ اصلاحات یا فاٹا کے صوبے میں انضمام کے خلاف ہیں وہ فاٹا کے عوام کے بدترین دشمن ہیں۔ انہوںنے کہا کہ 23مئی کے احتجاجی مظاہرے میں حکومت کو واضح پیغام دیں گے کہ قبائل اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی پر ناخوش ہیں۔ حکومت نے اپنا فیصلہ واپس نہ لیا اور اصلاحات نافذ نہ کیں تو فاٹا سیاسی اتحاد کی احتجاجی تحریک میں تیزی لائی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمارے مطالبات نہ مانے تو ہمارے احتجاجی مظاہروں، دھرنوں اور لانگ مارچ کا آپشن کھلا ہے۔ہم اپنے حق کے حصول سے کسی قیمت پر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔