Live Updates

نواز شریف کا حالیہ دورہ ’’پرائی شادی میں عبداللہ کے دیوانے پن‘‘ کے علاوہ کچھ نہیں تھا ‘عبدالعلیم خان

ناکام خارجہ پالیسی ملک کونئے بحران میں دھکیل رہی ہے ، 265دن کے غیر ملکی دورے بیکار گئے ہیں‘صدر تحریک انصاف سنٹرل پنجاب

پیر 22 مئی 2017 23:31

نواز شریف کا حالیہ دورہ ’’پرائی شادی میں عبداللہ کے دیوانے پن‘‘ کے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کا حالیہ دورہ سعودی عرب پرائی شادی میں عبداللہ کے دیوانے پن کے علاوہ کچھ نہیں تھا ایک مرتبہ پھر سعی لا حاصل پر سرکاری خزانے سے بے دریغ خرچ کیا گیا اور اپنے تئیں گھنٹوں تقریر کرنے کی تیاری کرنے والے نواز شریف کو کسی نے لفٹ نہیں کروائی ۔

اپنے ایک بیان میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ بد قسمتی سے ناکام خارجہ پالیسی ملک کو نئے بحران میں دھکیلنے جا رہی ہے کیونکہ اپنے ملک میں کرپشن کے الزاما ت کا سامنا کرنے والے کیونکر عالمی فورم پر ملک کا کیس لڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریکارڈ کے مطابق 4برسوں میں سینکڑوں غیر ملکی دورے کرنے والے نواز شریف 265دن ملک سے باہر رہے ہیں جس کا حاصل صفر جمع صفر کے علاوہ کچھ نہیں ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر خارجہ کے بغیر کسی ملک کی خارجہ پالیسی کیسے مضبوط ہو سکتی ہے نواز شریف ایک ٹکٹ میں دو مزے کر رہے ہیں لیکن ان کی وزارت عظمی کے دن اب گنے جا چکے ہیں اور انہیں جلد گھر کی راہ لینا ہو گی۔ عبدالعلیم خان نے سرکاری وفد میں خاندانی وکیل کی شمولیت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مال مفت دل بے رحم سمجھتے ہوئے حکمران کسی کو بھی سرکاری خرچے پر ساتھ لے جاتے ہیں کو عوام کے ٹیکسوں کی رقوم کے ساتھ کھلواڑ کرنے کے متراد ف ہے ۔

عبدالعلیم خان نے ایک مرتبہ پھر پی آئی اے کے جہاز سے 21کلو ہیروئن کی برآمدگی کو اندھیر نگری چوپٹ راج قرار دیتے ہوئے کہاکہ پی آئی اے کے حالات بہتر بنانے کے دعویداروں نے اس قومی ائیر لائن کا مزید بیڑہ غرق کر دیا ہے اور پاکستان ریلوے کی طرح اب ہوائی سفر بھی کسی طور نا تو محفوظ رہا ہے اور نہ ہی قابل عزت۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ اپنے منظور نظر افراد میں سرکاری اداروں کی بندر بانٹ کا یہی نتیجہ نکل سکتا تھا انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیساں عالمی سطح پر جگ ہنسائی کا باعث بن رہی ہیں جن پر اظہار افسوس ہی کیا جا سکتا ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات